ملتان :  سعودی پاک حج و عمرہ سروسز کے زیر اہتمام حج و عمرہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کالج آ ف فزیشنز اینڈ سرجنز کے ریجنل آ فس کے ہال میں کیا گیا،جس میں بڑی تعداد میں عازمینِ حج نے شرکت کی،ورکشاپ کا مقصد عازمین کو مناسکِ حج ، آداب سفر اور عملی امور سے مکمل آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنی عبادات کو بہتر اور سنت کے مطابق ادا کر سکیں،س موقع پر شرکاء کو آئندہ حج پروگرام 2026 کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت عازمین کو سفری شیڈول، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات سے آگاہ کیا گیا، انتظامیہ کے مطابق روانگی 20 مئی 2026 کو متوقع ہے جبکہ واپسی 3 جون 2026 کو ہوگی، ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو سعودی پاک حج و عمرہ سروسز کوثر تنویر شیخ نے کہا کہ حج صرف جسمانی سفر نہیں بلکہ ایک روحانی تبدیلی کا ذریعہ ہے، انہوں نے کہا کہ حج اسلام کے بنیادی ارکان میں شامل ہے اور یہ بندے کو اللہ تعالیٰ کے قریب کر دیتا ہے، انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ مناسکِ حج جیسے احرام، طواف، سعی، وقوفِ عرفہ اور رمی جمار کو سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق ادا کریں،انہوں نے مزید کہا کہ دورانِ حج صبر، برداشت، صفائی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ نہایت ضروری ہے تاکہ یہ مقدس سفر نہ صرف خود کے لئے بلکہ دیگر زائرین کے لیے بھی آسانی کا باعث بنے،ورکشاپ سے پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ، مسعود شیخ، حاجی ثناء اللہ، احمد تنویر اور ایزد تنویر نے بھی خطاب کیا،مقررین نے عازمین کو تلقین کی کہ وہ اس مقدس سفر کو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنائیں اور حج کے بعد اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں،تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام عازمین کا حج و عمرہ آسان فرمائے، اسے شرفِ قبولیت بخشے اور اُمتِ مسلمہ کو اتحاد، ہدایت اور خیر و برکت سے نوازے۔