صدر بشریٰ نقوی کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو ملتان آمد کی دعوت،،صدرِ مملکت اور چیئرمین پیپلز پارٹی کو خطوط ارسال
ملتان (صفدربخاری سے) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی صدر بشریٰ نقوی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ملتان آمد اور ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے، اس سلسلے میں دونوں قائدین کو علیحدہ علیحدہ دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں جبکہ ان خطوط کی نقول صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب اور صوبائی سیکرٹری جنرل کو بھی بھجوائی گئی ہیں،گزشتہ روز پیپلز لائرز فورم کے رہنماؤں نشید عارف گوندل اور زوار قریشی نے صدر جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے صدر بشریٰ نقوی سے دعوت ناموں کی نقول وصول کیں،دعوت ناموں میں وکلا برادری کی جانب سے قومی قیادت کو ملتان آمد کی درخواست کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ بار ملتان آئین کی بالادستی، جمہوری روایات کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی،وکلا حلقوں کا کہنا ہے کہ ملتان ہمیشہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط سیاسی مرکز رہا ہے اور وکلا برادری کو جماعت کا ہراول دستہ سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی اہم قومی اور سیاسی مواقع پر وکلا نے نمایاں کردار ادا کیا، خواہ وہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی جدوجہد ہو یا بار میں کامیابی کے بعد قیادت سے اظہارِ تشکر کے لیے وفود کی صورت میں ملاقاتیں۔ان کا کہنا ہے کہ بشریٰ نقوی کی حالیہ کامیابی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی سے وابستہ وکلا آج بھی جماعت کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں، اسی تناظر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے، یاد رہے کہ اس سے قبل ان کے نانا، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو بھی ڈسٹرکٹ بار ملتان سے خطاب کر چکے ہیں۔وکلا برادری کے مطابق قومی قیادت کی ملتان آمد سے نہ صرف وکلا بلکہ عام کارکنان کو بھی اپنے مسائل اور محرومیوں کے ازالے کے لیے براہِ راست آواز بلند کرنے کا موقع میسر آئے گا، جس سے سیاسی سرگرمیوں میں نئی روح پھونکنے کی توقع کی جا رہی ہے۔







































Visit Today : 413
Visit Yesterday : 577
This Month : 5663
This Year : 53499
Total Visit : 158487
Hits Today : 2777
Total Hits : 710776
Who's Online : 2



















