ملتان:  ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ عشائیہ کی تقریب سے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے سینیئر جج مسٹر جسٹس شہرام سرور چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے اس کے لئے بار اور بنچ کے اچھے تعلقات ہونا ضروری ہیں یہی وجہ ہے کہ ہائیکورٹ بار ملتان کے بنچ کے ساتھ خصوصی تعاون سے چند ماہ میں 6ہزار سے زائد کیسز کا فیصلہ کیا گیا جس پر میں صدر محمد اظہر خان مغل، جنرل سیکرٹری صفدر سرسانہ سیال اور ان کی ایگزیکٹیو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہم نے بھی بار اور وکلاء کے ساتھ بھر پور تعاون اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھائی ۔صدر محمد اظہر خان مغل،جنرل سیکرٹری صفدرسرسانہ سیال نے خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے سینیئر جج مسٹر جسٹس شہرام سرور چوہدری اور ملتان بنچ کے تمام ججز کی ہائیکورٹ بار ملتان کی سالانہ عشائیہ کی تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے تمام ججز نے ہمیشہ ہائیکورٹ بار اور وکلاء کی راہنمائی فرمائی اور ہم نے جلد انصاف کی فراہمی کے لئے ہڑتالوں سے اجتناب کیا اور کیسز کے فیصلوں پر توجہ دی۔تقریب کے اختتام پر صدر محمد اظہر خان مغل ،جنرل سیکرٹری صفدرسرسانہ سیال اور سابق صدر ملک سجاد حیدر میتلا نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے سینیئر جج مسٹر جسٹس شہرام سرور چوہدری،مسٹر جسٹس اسجد جاوید گورال،مسٹر جسٹس مذمل اختر شبیر، مسٹر جسٹس انوار حسین، مسٹر جسٹس سلطان تنویر احمد،مسٹر جسٹس سردار اکبر علی،مسٹر جسٹس سید احسن رضا کاظمی،مسٹر جسٹس چوہدری سلطان محمود ،جسٹس (ر) خالد علوی کو بار کے سوینیئر پیش کئے ۔