ملتان( صفدربخاری سے)  پنجاب گروپ آف کالجز کے ڈائریکٹر اسامہ بشیر قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے طلبا و طالبات کی زندگیاں زیادہ عزیز ہیں اورہم پڑھائی کے ساتھ ساتھ ان کی صحت اور حفاظت کیلئے مختلف سیمینارو لیکچرز کراتے رہتے ہیں تاکہ بچوں کو مکمل طور پر آگاہی ہو سکے اورہمارا یہ مشن جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پنجاب کالج میں ٹریفک سے آگاہی کے بارے میں سیمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سی ٹی او ٹریفک و ایس پی کینٹ کائنات اظہر نے کہا کہ بچوں کو چاہیے کہ کالج آنے کیلئے وقت سے کافی پہلے تیار ہو کر نکلیں اور ہیلمٹ کے استعمال کو اپنی عادت بنائیں۔ سڑکوں پر آپ کا رویہ تہذیب کا پیمانہ ہے پریشر ہارن کا استعمال قانوناً جرم ہے ہمیں آپ کی زندگی عزیز ہے ٹریفک کے اشارے ہمارے محافظ ہیں گاڑی یا موٹرسائیکل چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال نہ کریں، کال دوبارہ مل جائے گی زندگی نہیں ۔ ون ویلنگ کھیل نہیں موت ہے اس کے علاوہ انہوں نے تمام ٹریفک کے بارے میں حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہمارے پاس ڈرائیونگ کیلئے ٹریننگ بھی ہو رہی ہے اس کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور بہترین ٹریننگ حاصل کریں۔ آخر میں انہوں نے طلبا کو ان کے ڈرائیونگ لائسنس بھی دیئے ۔ تقریب سے پرنسپل پروفیسر سبحان خان شیروانی اور ٹریفک وارڈن نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کائنات اظہر کو یادگاری شیلڈ بھی دی جبکہ سی ٹی او نے بھی ڈائریکٹر پنجاب کالج کو یادگاری شیلڈ دی سیمینار میں اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔