ملتان:جیسمین لائنز کلب کے زیر اہتمام ملتان اولڈ ایج ہوم میں رہائش پذیر بزرگ افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر کلب کی صدر عاصمہ ارسلان، سیکرٹری سعدیہ ملک، رفعت اعظم، فرحت شفیق اور نرگس اشفاق نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جیسمین لائنز کلب عاصمہ ارسلان نے کہا کہ بزرگ شہری ہماری زندگی کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہوں نے اپنی عمریں خاندان اور معاشرے کی خدمت میں گزاری ہیں۔ بزرگوں کی عزت، خدمت اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔عاصمہ ارسلان نے مزید کہا کہ جیسمین لائنز کلب فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی مدد کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں بزرگ افراد، خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کو خصوصی ترجیح دی جاتی ہے۔تقریب کے اختتام پر اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگ افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا، جبکہ ممبران نے بزرگ افراد سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔