ڈاکٹر اسد اریب اردو ادب کا درخشاں باب ہیں: کمشنر ملتان عامر کریم خان
ملتان: کمشنر ملتان ڈویژن ملتان عامر کریم خان نے کہا ہے کہ اردو ادب کے لیئے ڈاکٹر اسد اریب کی خدمات مثالی ہیں۔انہوں نے یہ بات ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام خطے کے نامور ادیب’دانشور’مفکر ڈاکٹر اسد اریب کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ عظیم لوگوں کا نام اور کام ہمیشہ زندہ رہتا ہے اور ڈاکٹر اسد اریب کی شخصیت بھی انہی عظیم لوگوں میں سے ایک ہے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب نے تمام زندگی ادب کے فروغ اور ترقی میں وقف کر دی ہے۔اردو ادب کی تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ جاوداں رہے گا۔معروف کالم نگار اور ناظم تقریب شاکر حسین شاکر نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب کا نام اس خطے کے لوگ بڑے احترام سے لیتے ہیں۔اس لیئے کہ انہوں نے تمام زندگی کمٹمنٹ کے ساتھ بسر کی ہے اور اپنے طالب علموں کو ہمیشہ اپنے بچوں کی طرح پیار کیا ہے۔معروف ادیب اور دانشور ڈاکٹر اسلم ادیب نی کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب استاد الاساتذہ ہیں۔انہوں نے اردو زبان کے اعلی مقام اور مرتبے کو پوری دنیا میں فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے ادب اور زبان کے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔سابق رکن صوبائی اسمبلی حسین جہانیاں گردیزی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو دان طبقے میں ڈاکٹر اسد اریب کو جو مقام اور مرتبہ حاصل ہے بہت سارے لوگ ساری زندگی اس کی آرزو اور تمنا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ڈاکٹر اسد اریب اپنے انسان دوست رویے سے ہر کسی کو اپنا بنا لیتے ہیں۔معروف شاعر خالد مسعود خان نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب علم’عمل’خلوص’تواضع اور انکساری کا مجموعہ ہیں۔ان کی شخصیت دل میں گھر کر لیتی ہے۔اردو ادب کے نامور استاد’نقاد اور محقق ڈاکٹر نجیب جمال نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب اپنے طالب علموں کی ذات میں چھپا ہوا ٹیلنٹ اور صلاحیت بھانپ لیتے ہیں اور اسی حوالے سے اپنے طالب علموں کی راہ نمائی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خود شناسی کا عمل ایک مشکل اور دقیق عمل ہے اور ڈاکٹر اسد اریب اپنے طالب علموں میں اس عمل کو آسان بنانے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔معروف سرجن اور قائد اعظم میڈیکل کالج کے سابق سربراہ ڈاکٹر ہارون پاشا نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب اپنے انسان دوست رویوں کی وجہ سے عوام و خواص میں بے حد مقبول ہیں۔وہ ہمارے شہر کی ایک تہزیبی شخصیت ہیں جن پر ہم بجا طور پر فخر کرتے ہیں۔۔معروف شاعر قمر رضا شہزاد نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب نے ہمیشہ اردو کو درست صحت لفظی کے ساتھ ادا کرنے کی حمایت اور وکالت کی ہے یہی وجہ ہے کہ اردو دان طبقے میں ان کا نام احترام سے لیا جاتا ہے۔ممتاز قلمکار اور ڈائریکٹر انفارمیشن ملتان سجاد جہانیہ نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب کل کی طرح آج بھی اپنے طالب علموں کے لیے رول ماڈل ہیں۔انہوں نے اپنی شخصیت اور لہجے کو اس طور پر استوار کیا ہے کہ دیکھنے اور سننے والوں کو اچھا لگتا ہے۔وہ ہمارے سماج کی سنہری روایات کے امین ہیں۔رانا تصویر احمد نے کہا ڈاکٹر اسد اریب نے اردو زبان اور ادب کی ترقی کے لیئے اپنی عمر عزیز کا ایک ایک پل بسر کیا ہے۔وہ نہ صرف اپنے طالب علموں میں بے حد مقبول رہے ہیں بلکہ سول سوسائٹی میں بھی ان کا نام احترام سے لیا جاتا ہے۔ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اردو کے سربراہ اور معروف شاعر ڈاکٹر سجاد نعیم نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب ہم جیسے استادوں کے لیئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ہم نے انہیں دیکھ دیکھ کر پڑھانا سیکھا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی ملک جہانزیب خان وارن نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب کی تحریر کردہ تمام کتب کا ذخیرہ ان کی لائبریری میں موجود ہے۔ وہ ڈاکٹر اسد اریب کی کتابوں کے مطالعہ سے مستفیض ہوتے رہتے ہیں۔ماہر تعلیم اسلم خان قیصرانی نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب کی شخصیت کے عکس ان کے شاگردوں کے دلوں پر ہمیشہ کے لیئے نقش ہو جاتے ہیں۔ان کا طرز تدریس اردو ادب کے اساتزہ اور طلبا میں ہمیشہ مقبول رہا ہے۔لیاقت رضا جعفری نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب ایک عہد اور ایک تہزیب کا نام ہے جسے سوچتے ہی ہمارے ذہن اور دل منور ہو جاتے ہیں۔ڈاکٹر اسد اریب کے پوتے نفاذ احسن نے کہا کہ ان کے دادا ہمیشہ سے علم اور عمل کے قائل رہے ہیں۔انہوں نے اپنی تمام زندگی ڈسپلن اور اصولوں کی پاسداری کے ساتھ بسر کی ہے۔ڈاکٹر عبدالبصیر نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب نے ہم جیسے ادب کے طالب علموں کو اردو بولنا سکھایا ہے۔وہ اردو کے اساتزہ کے محسن ہیں۔معروف شاعر شاہد عباس نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب ایک والد کی طرح اپنے طالب علموں سے پیار کرتے ہیں۔ان کی راہ نمائی میں خلوص اور سچائی کے رنگ ملتے ہیں۔اکٹر عامر سہیل نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب کی دانش اور فراست سے کئی نسلوں نے استفادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اریب کا طرز تدریس اور طرز تکلم نئے اساتزہ میں بے حد مقبول ہے۔معروف شاعر اشہر احسن کامران نے اس موقع پر ڈاکٹر اسد اریب کو منظوم خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں پاکستان بھر سے نامور شخصیات افتخار عارف ‘ڈاکٹر خورشید رضوی ‘پروفیسر سحر انصاری ‘اصغر ندیم سید اور ڈاکٹر انوار احمد سمیت بہت سے معروف شخصیات نے ویڈیو کے ذریعے ڈاکٹر اسد اریب کی علمی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات پروفیسر علی سخن ور،سابق وائس چانسلر بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر طارق محمود انصاری ‘سربراہ شعبہ انگلش بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر نوید چودھری ‘ڈاکٹر نواز کاوش’معروف سماجی راہنما عامر شہزاد صدیقی ‘تاج محمد تاج’معروف سنگر سجاد ملک’مسرور صدیقی’ظفر خان بابر’اعجاز سومرو’علی نقوی،کیئر ٹیکر ملتان ٹی ہاؤس فیاض اعوان، آصف خان کھیتران، سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے آخر میں سانحہ اسلام آباد کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی







































Visit Today : 413
Visit Yesterday : 577
This Month : 5663
This Year : 53499
Total Visit : 158487
Hits Today : 2773
Total Hits : 710772
Who's Online : 2



















