جے یو آئی کا 8 فروری کو انتخابی دھاندلی کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان
ملتان : جمعیۃ علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی درخواست پر 8 فروری کو انتخابی دھاندلی کے خلاف ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسے جمہوری جدوجہد کا حصہ قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے جمعیۃ علماء اسلام پنجاب کے قائم مقام امیر مولانا صفی اللہ اور سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار نے بھی پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دھاندلی زدہ انتخابات، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور آئین و قانون سے متصادم اقدامات نے عوام کو سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے، جس کے خلاف مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس حوالے سے جے یو آئی پنجاب نے پنجاب بھر میں پہلے سے طے شدہ پروگرامات کی منسوخی کا فیصلہ کیا ہے۔ مولانا صفی اللہ نے کہا کہ جمہوری حقوق کے تحفظ اور عوام کی آواز بلند کرنے کے لئے یہ اعلان ایک مؤثر اور پُرامن احتجاج ہے، جس میں جے یو آئی پنجاب بھرپور شرکت کرے گی۔جے یو آئی رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صرف بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 8 فروری کی ہڑتال میں شریک ہو کر انتخابی دھاندلی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں اس فیصلے کا اعلان صوبائی ترجمان جے یو آئی پنجاب حافظ غضنفر عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی ترجمان نے مزید کہا کہ اس موقع پر ریاستی ادارے احتجاج کو دبانے اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کو گرفتار کرنے سے باز رہیں۔





































Visit Today : 431
Visit Yesterday : 577
This Month : 5681
This Year : 53517
Total Visit : 158505
Hits Today : 2974
Total Hits : 710973
Who's Online : 4



















