انتظامیہ کی ہٹ دھرمی ، ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کا 9 فروری کو کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان
ملتان : محنت کش یونین ا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (سی بی اے ) اور میونسپل ایمپلائز ویلفیئر یونین کی جانب سے انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کی مسلسل ہٹ دھرمی، وعدہ خلافیوں اور ملازمین کے معاشی استحصال کے خلاف9فروری بروز (سوموار) کو احتجاجی مظاہرہ اور کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے، یہ اعلان گزشتہ روز مطالبات کے حق میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا،جس میں محنت کش یونین کے جنرل سیکرٹری حماد افضل ڈوگر، میونسپل ایمپلائز ویلفیئر یونین کے جنرل سیکرٹری رضوان بھٹہ، صدر اللہ دتہ لاہوری، صدر سمیع اللہ خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک عامر اعوان، چیئرمین فرحان خان، آفس سیکرٹری ساجد کالو، ڈاکٹر مرتضیٰ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ، یونین رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ اور ٹھیکیداروں پر عائد ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حماد افضل ڈوگر ، رضوان بھٹہ و دیگریونین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کئی بار احتجاج کی کال دی گئی، مگر ہر مرتبہ انتظامیہ نے مطالبات تسلیم کرنے کا جھانسہ دے کر معاملہ ٹال دیا۔ سابقہ کٹوتیوں کی ادائیگی کے بجائے ہر ماہ نئی کٹوتیاں کی جا رہی ہیں، جس کے باعث ملازمین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ،سابقہ ہڑتال کے موقع پر بھی انتظامیہ نے چند مطالبات ماننے کا بے سود وعدہ کیا، لیکن تاحال کسی ایک مطالبے پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا، رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ، ایم ڈبلیو ایم سی اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ٹھیکیداروں کے ساتھ ایچ آر ایم ڈبلیو ایم سی اور ٹھیکیداران کی ملی بھگت ملازمین کے استحصال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں دونوں جانب سے ناقص اور ناتجربہ کار عملہ تعینات کیا گیا ہے، جس کا براہِ راست نقصان ورکرز کو اٹھانا پڑ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کٹوتیوں کی آڑ میں ورکرز سے ناجائز اوور ٹائم لیا جا رہا ہے، جس کا کسی قسم کا کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا جاتا۔ جب افسران سے اس بابت بات کی جاتی ہے تو یا تو غیر حاضر ہو جاتے ہیں یا ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔کنٹریکٹ ملازمین، جن کا گزر بسر کرائے کے گھروں پر ہے، دو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید اذیت میں مبتلا ہیں، مگر ٹھیکیداروں پر اس صورتحال کا کوئی اثر نہیں۔ مزدوروں کو بار بار ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے جبکہ ٹھیکیدار جشن منانے میں مصروف ہیں۔یونین قیادت نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ “ستھرا پنجاب” منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ٹھیکیداروں میں موجود ان ناقص افسران سے ملازمین کی جان چھڑوائی جائے اور ورکرز کو ان کا جائز حق دلایا جائے۔





































Visit Today : 431
Visit Yesterday : 577
This Month : 5681
This Year : 53517
Total Visit : 158505
Hits Today : 2947
Total Hits : 710947
Who's Online : 4



















