ملتان: پاکستان پوسٹل سروس ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملتان، کبیر والا، میلسی اور بورے والا میں خصوصی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ملتان میں ریلی کی قیادت ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان پوسٹ ملتان ڈویژن، محمد اسحاق بلوچ نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ہمیشہ قومی و ملی مواقع پر اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور پوری پاکستانی قوم بھارت کے ظلم اور بربریت کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ریلی میں ڈویژنل آفس کے اسٹاف سمیت مختلف سب آفسز کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر محمد اسحاق بلوچ نے یومِ کشمیر کے حوالے سے پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کردہ خصوصی یادگاری ٹکٹ کی رونمائی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ یادگاری ٹکٹ کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خود ارادیت کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی علامت ہے۔ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی، کشمیری عوام کی کامیابی اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔