زمین مافیا کے مظالم، متاثرہ خاندان کی ملتان پریس کلب میں فریاد
ملتان : جلال پور پیر والا، اڈا بند موڑ موضع بمب والا تھانہ صدر جلال پور کے رہائشی حاجی نذر حسین، انور مائی اور ان کے صاحبزادے کیف نے گزشتہ روز پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے زمین مافیا اور بااثر افراد کے ظلم و ستم کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، مگر تاحال انہیں انصاف فراہم نہیں کیا جا سکا،انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی حاجی ریاض حسین نے سال 2001 میں حفیظہ بانو سے 32 کنال اراضی مکمل قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر خریدی، جس کے تمام قانونی ثبوت موجود ہیں۔ تاہم علاقے کے بااثر افراد نے اس قیمتی اراضی پر ناجائز قبضے کی نیت سے مختلف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے خاندان کو ہراساں کرنا شروع کر دیا اور انہیں جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد مقدمات میں پھنسا دیا، متاثرہ خاندان کے مطابق ان پر 17 جعلی مقدمات درج کروائے گئے، جو پولیس کی باقاعدہ تحقیقات کے بعد جھوٹے ثابت ہوئے اور ختم کر دئیےگئے۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ واضح قانونی فیصلوں اور مقدمات کے خاتمے کے باوجود ملزمان نے اپنی روش تبدیل نہیں کی اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے طاقت کے بل بوتے پر زمین پر زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کی، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان ابرار حسین، محمد رمضان، غلام نازک ولد پیر بخش، حارث ولد غلام نازک، محمد شبیر لوہار ولد محمد یار اور ان کے ساتھ 10 دیگر نامعلوم افراد نے ان کے گھر اور اراضی پر دھاوا بول دیا، حملہ آوروں نے موقع پر موجود اہلِ خانہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور کلہاڑیوں کے وار کر کے ان کی اہلیہ زرینہ مائی کو شدید زخمی کر دیا، جنہیں تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا، جہاں وہ تاحال زندگی اور موت کی کشمکش میں زیرِ علاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد 15 پر کال کی گئی، پولیس موقع پر تو پہنچی، مگر انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ تاحال کسی ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ملزمان کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں، جو پولیس کی کارکردگی اور نیت پر سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔پریس کانفرنس میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ ملزمان کو پولیس کی مبینہ آشیرباد حاصل ہے اور وہ مبینہ طور پر پولیس کے ٹاؤٹ ہیں، جس کی وجہ سے ان کے خلاف مؤثر کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے۔ اسی بنا پر ایک بے گناہ خاندان شدید عدم تحفظ کا شکار ہے اور ان کی جانوں کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔حاجی نذر حسین، انور مائی اور کیف نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او ملتان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیں، تمام نامزد اور نامعلوم ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انہیں بروقت انصاف نہ ملا تو وہ اعلیٰ عدالتوں اور دیگر قانونی فورمز سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے، کیونکہ اب یہ معاملہ صرف زمین کا نہیں رہا بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کا سنگین سوال بن چکا ہے۔





































Visit Today : 431
Visit Yesterday : 577
This Month : 5681
This Year : 53517
Total Visit : 158505
Hits Today : 2934
Total Hits : 710933
Who's Online : 4



















