ملتان :  صدر مستقبل پاکستان ملتان حاجی محمد یوسف انصاری کی قیادت میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک بھرپور اور منظم احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو چوک دہلی گیٹ سے شروع ہو کر چوک دولت گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شرکاء نے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا،ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کرو اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرو جیسے نعرے درج تھے، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا، انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ استصوابِ رائے ہے، بصورتِ دیگر خطے میں خونریزی کا سلسلہ جاری رہے گا، رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، سماجی اور اخلاقی حمایت ہر صورت جاری رہے گی، انہوں نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35 اے اور 370 کی منسوخی کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی اور ریاستی حقوق پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی، مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ ریاستی جبر جسموں کو قید کر سکتا ہے مگر آزادی کے خیالات اور جذبوں کو زنجیروں میں نہیں جکڑا جا سکتا،ریلی میں عاقل عثمان جٹ، محمد فہد علی، راشد حسین راجپوت، محمد طلحہ یوسف، حاجی محمد افضل، غلام مصطفیٰ، محمد قدیر، حافظ عبدالوحید، امجد انصاری،حاجی صابر جٹ، محمد جاوید، محمد علی، حاجی عبدالجبار، سجاد علی، حاجی محمد اسلم، محمد جعفر، وقار احمد، یامین، فرحان احمد اور تنویر احمد سمیت دیگر کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ یہ ریلی چیئرمین مستقبل پاکستان انجینیئر ندیم ممتاز قریشی کی خصوصی ہدایت پر نکالی گئی، جس کا مقصد کشمیری عوام سے یکجہتی کا عملی اظہار اور بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔