ملتان: پنجاب آرٹس کونسل ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام ملتان آرٹس کونسل کی زوار حسین آرٹ گیلری میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں پوری دنیا کے ضمیر کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں مگر ان کا حقِ خودارادیت کے لیے عزم کمزور نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ایسی تصویری نمائشیں عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور نوجوان نسل میں شعور بیدار کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ ساری دنیا مقبوضہ وادی کے مسلمانوں کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ79 برس سے مقبوضہ وادی میں جو خون کی ہولی کھیلی ہے اس پر ساری مہذب دنیا اسے نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ہمیں بطور قوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہنا چاہیے اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔نمائش میں پیش کی گئی تصاویر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی المیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔جبکہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک اکبرآرائیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل علیم شہزاد،ایڈمن آفیسر عمر رحمان،کیئر ٹیکر ناصر وٹو،شوکت سعیدی کے علاؤہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر بہاول قیوم اورشہریوں، طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔