ملتان: مرکزی ناظم اطلاعات ونشریات مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلال ربانی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ایم ایس او پاکستان 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو عزم آزادی کشمیر کے عنوان منائےگی،اسی سلسلے میں ملک بھر میں طلبہ اور نوجوانوں کی جانب سے ریلیاں، احتجاجی مظاہرے، انسانی چین اور مختلف آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا،MSOپاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ پاکستان کے نوجوان اور طلبہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہیں۔بلال ربانی کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر شہدائے کشمیر کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے،MSO پاکستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کشمیر کی آزادی صرف کشمیری عوام کی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہم کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔