ملتان (صفدربخاری سے)  نومنتخب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پرپیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن ملک ارشد اقبال بھٹہ کی جانب سے مبارک باد کیلئےدیا جانے والا  بھاری مالیت کے نوٹوں کا قیمتی ہار ڈاکو لے اڑے ، ۔ملک ارشد اقبال بھٹہ نے فوری طور پر دوسرے ہارکا بندوبست کر کے سید یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد دی اور ہار پہنایا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن ملک ارشد اقبال بھٹہ نے نومنتخب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد دینے کیلئے بھاری مالیت کے نوٹوں کا خصوصی ہار تیار کرایا۔ ملک ارشداقبال بھٹہ کے قریبی دوست حاجی بلال ہار والی دکان چونگی نمبر 14 سے آج صبح وہ قیمتی ہار لیکر ملک ارشد اقبال بھٹہ کے آفس جا رہے تھے کہ ممتاز آباد فلائی اوور پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر حاجی بلال سے بھاری مالیت کے نوٹوں کا قیمتی ہار چھین لیا۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے صورتحال کا علم ہونے پر فوری طور دوسرے نوٹوں کے ہار کا بندوبست کیا اور سید یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پر پہنچ کر انہیں بطور چیئرمین سینیٹ بلامقابلہ منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کی اور انہیں ہار پہنایا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک ارشد اقبال بھٹہ کی پرخلوص محبتوں کا خوشدلی سے شکریہ ادا کیا۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مکک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ڈکیتی کے دوران میرے دوست حاجی بلال محفوظ رہے ہیں۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا سید یوسف رضا گیلانی کی شخصیت اتنی عظیم اور پیاری ہے کہ ایسا ایک ہار تو کیا سینکڑوں ہار ان پر قربان کر سکتے ہیں۔