ملتان: انجمن تاجران تیمور روڈ، محبوب مارکیٹ اور انصاری مارکیٹ کے انتخابات میں شفیق احمد قریشی صدر جبکہ ان کی پوری کابینہ بلا مقابلہ منتخب ہو گئی، انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہونے پر تاجر برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،منتخب عہدے داروں میں حشمت اشرف سینئر نائب صدر، عمران قریشی جنرل سیکرٹری، حیدر علی جوائنٹ سیکرٹری،نائب صدور اشرف سندھو اور اسماعیل ، فنانس سیکرٹری حاجی اصغر جبکہ شیخ خلیل احمد چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ نو منتخب عہدے داروں کو مختلف تاجر تنظیموں کی جانب سے مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ روز آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب اور ملتان شہر کے صدر عارف فصیح اللہ کی قیادت میں مختلف تاجر تنظیموں کے صدور رضوان جگنو، طیب خان، عثمان جٹ، علی رضا کربلائی، عدنان خان، عنایت اللہ خان اور صوفی شفیق ، رشید خان، مدبر خان، عزیز اللہ چیئرمین و دیگر نے منتخب عہدے داروں سے ملاقات کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور کامیابی پر مبارکباد دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عارف فصیح اللہ نے کہا کہ بلا مقابلہ انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ تاجر برادری شفیق احمد قریشی اور ان کی ٹیم پر مکمل اعتماد کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ تاجر اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی تاجروں کے مسائل حل کروائے جا سکتے ہیں،عارف فصیح اللہ نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت تاجروں کے حقوق کے لیے مؤثر آواز بنے گی،نو منتخب صدر شفیق احمد قریشی نےکہا کہ تاجر برادری نے جو اعتماد ان پر کیا ہے اس پر وہ پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ،انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح مارکیٹوں کے مسائل کا حل، تاجروں کا اتحاد اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انجمن تاجران تیمور روڈ، محبوب مارکیٹ اور انصاری مارکیٹ کو ایک مضبوط اور فعال پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔سینئر نائب صدر حشمت اشرف نے کہا کہ تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ٹیم ورک کے تحت کام کیا جائے گا اور چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ جنرل سیکرٹری عمران قریشی نے کہا کہ انجمن تاجران تاجروں اور انتظامیہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی،تاجروں کے مسائل کو تحریری اور عملی طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچایا جائے گا، تمام مارکیٹوں کے تاجروں کو ساتھ لے کر چلنا ان کی اولین ترجیح ہوگی، آ خر میں شرکاء نے نو منتخب کابینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور تاجر اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔