لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور پریس کلب کے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ لاہور پریس کلب ملک کا ایک تاریخی اور معتبر صحافتی ادارہ ہے جس نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت، جمہوری اقدار اور عوامی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت لاہور پریس کلب کی شاندار اور روشن صحافتی روایات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی خدمت کے مشن میں میڈیا کو اپنا اہم شراکت دار سمجھتی ہے اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافیوں کے لیے اپنے گھر کی تعمیر کے منصوبے میں حکومت پنجاب بھرپور معاونت فراہم کرے گی تاکہ میڈیا ورکرز کو بہتر اور محفوظ رہائشی سہولیات میسر آ سکیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر صحافت ایک مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، اور حکومت صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں صحافیوں کے تحفظ، فلاح اور پیشہ ورانہ آزادی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں۔ آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے لاہور پریس کلب کی نئی قیادت صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی اور مثبت، تعمیری صحافت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گی۔