ملتان (صفدربخاری سے) سماجی رہنما اور صدر فارماسوٹیکلز ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن ملتان اظہر بلوچ نے سدرن سٹی ہسپتال ملتان کو 10 عدد جدید الٹراسانک نیبولائزر مشینیں عطیہ کر دیں۔ یہ مشینیں ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام یاسین کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر سہیل ظفر اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ ایم ایس سدرن سٹی ہسپتال کی درخواست پر موسمی حالات اور سانس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مشینیں فوری طور پر فراہم کی گئیں۔اظہر بلوچ نے کہا کہ انہوں نے یہ نیبولائزر مشینیں اپنی والدہ محترمہ امیر بیگم مرحومہ و مغفورہ اور گہرے دوست محترم ابوبکر عثمان مرحوم و مغفور کے ایصالِ ثواب کے لیے عطیہ کی ہیں۔ ڈاکٹر غلام یاسین نے اس فلاحی اقدام پر عطیہ دہندہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشینیں سانس کے مریضوں کے علاج میں انتہائی مددگار ثابت ہوں گی اور ہسپتال کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے سماجی اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور معاشرے میں مثبت مثال قائم کرتے ہیں۔