ملتان (صفدر بخاری سے): میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کے پہلے یومِ تاسیس اور سالگرہ کے موقع پر ایک تاریخی اور پروقار تقریب سٹی کونسل کے مرکزی صدر ملک ارشد اقبال بھٹہ کے زیرِ اہتمام ڈیرہ ملک ارشد اقبال بھٹہ پر منعقد ہوئی۔ تقریب میں ملک بھر کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے 40 سے زائد پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا مالکان نے شرکت کی اور میڈیا اونرز سوسائٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ تقریب کی صدارت مرکزی صدر میڈیا اونرز سوسائٹی عمر فاروق نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں انجینئر ممتاز احمد خان (سابق ڈائریکٹر کالا باغ ڈیم پراجیکٹ)، معروف ماہر تعلیم و ادیب پرنسپل ظفر بابر اور مظفرگڑھ پریس کلب کے صدر مظفر جانگلہ شامل تھے۔ خواتین میڈیا مالکان نے بھی ماس میں شمولیت اور اعتماد کا اعلان کیا، جسے شرکاء نے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ آسٹریلیا سے آئے ہوئے معروف میڈیا ادارے “ہم وطن” کے مالک ڈاکٹر نیاز احمد نے بھی باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔ خواتین میڈیا مالکان میں “ورلڈ وائس” کی مالکہ شہگی پیرزادہ اور “جوش ٹی وی چینل” کی مالکہ طوبیٰ متین شیخ نے بھی شمولیت اختیار کی۔ اسی طرح معروف صحافی و میڈیا مالکان جیسے روزنامہ قومی مینیڈیٹ کے چیف ایڈیٹر اشرف ضیاء، روزنامہ نوائے حقیقت کے ضیاء اشرف، نیوز گلوب کے سلیم الرحمن میئو،ہفت روزہ فصیل نامہ کے جلیل آصف، ٹائمز آف پاکستان کے مقبول احمد، ماہنامہ جلوہ ریز کے بلال احمد، جلوہ ریز کے چیف ایگزیکٹو محمد اعجاز، ان سائٹ ڈیجیٹل نیوز کے شیراز اویسی، سرفراز آفیشل کے سرفراز اعوان اورصدائے مخدوم کے مخدوم جمشید ستاری نے بھی میڈیا اونرز سوسائٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تقریب میں سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر حنیف چوہان، سرپرست خلیل بھٹی، مرکزی چیئرمین ملک امجد سعید تھہیم، مرکزی سیکرٹری جنرل حنیف عمران بھٹی، وائس چیئرمین منیر شاہین، سینئر نائب صدر میاں مقصود احمد، نائب صدر صفدر علی بخاری، فنانس سیکرٹری اظہر ہاشمی، سیکرٹری اطلاعات عدنان فاروق قریشی، جنرل سیکرٹری ساؤتھ پنجاب ملک رضوان اعوان، سیکرٹری اطلاعات و نشریات ساؤتھ پنجاب ملک ریاض کھوکھراور ندیم کاظمی سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مرکزی صدر عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماس میڈیا مالکان کی فلاح و بہبود کی واحد نمائندہ تنظیم ہے اور جلد میڈیا مالکان کو خوشخبریاں سنائی جائیں گی۔ مرکزی چیئرمین ملک امجد سعید تھہیم نے کہا کہ ایک سال میں ماس کی کارکردگی پر ملکی و بین الاقوامی میڈیا مالکان نے اطمینان کا اظہار کیا اور اندرونِ ملک و بیرونِ ملک سے سینکڑوں ممبرشپ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل حنیف عمران بھٹی نے کہا کہ 2026ء کا سال میڈیا اونرز سوسائٹی کی کامیابیوں کا سال ثابت ہوگا اور حکومتی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سٹی کونسل کے مرکزی صدر ملک ارشد اقبال بھٹہ کی جانب سے معزز میڈیا مالکان، مہمانانِ خصوصی اور شرکاء کے اعزاز میں ایک پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا، جس میں مہمانوں کی بھرپور تواضع کی گئی۔ شرکاء نے شاندار انتظامات اور پرتپاک میزبانی پر ملک ارشد اقبال بھٹہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں مرکزی قیادت نے تاریخی تقریب کے انعقاد پر میزبان ملک ارشد اقبال بھٹہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے بھی تمام مہمانوں اور شرکاء کی آمد پر تہہ دل سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اونرز سوسائٹی ملک میں مثبت صحافت اور میڈیا مالکان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر ابھر رہی ہے۔