لوح اعزاز اور اعتراف فن

تحریر: اظہر سلیم مجوکہ
ادیب شاعر دانشور اور اھل قلم کسی بھی ملک اور قوم کا اثاثہ اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اگر ارباب اختیار واقتدار کی طرف سے بھی ان کی پذیرائی ہو تو ان کی اہمیت اور بھی دوچند ہو جاتی ہے اور وہ معاشرے کی ترقی کے لئے مزید مثبت کردار ادا کرتے ہیں
حکومتی اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ملتان کے اھل قلم کی پذیرائی کا ایک قابل ستائش سلسلہ جناب عامر کریم خان کی کاوشوں سے ان کے گھروں پر لوح اعزاز لگانے کا شروع کیا گیا ہے جس میں ممتاز محقق دانشور ادیب ماہر تعلیم سابق کنٹرولر اور چیئرمین ملتان بورڈ جناب ڈاکٹر مختار احمد ظفر کے گھر لوح اعزاز لگائی گئی ہے جس میں کمشنر ملتان ڈویژن جناب عامر کریم خان اور ملتان کے نمایاں اھل قلم نے بھرپور شرکت کی
ڈاکٹر مختار ظفر کے گھر لوح اعزاز لگانے کے بعد اب یہ تعداد ایک درجن تک پہنچ گئی ہے اس سے پہلے مرزا ابن حنیف ڈاکٹر اسلم انصاری ڈاکٹر اسد اریب پروفیسر حفیظ الرحمن خان ڈاکٹر حنیف چوھدری محمد علی واسطی ڈاکٹر انوار احمد ڈاکٹر شمیم حیدر ترمذی خالد مسعود خان اور قمر رضا شہزاد کے گھروں پر بھی یہ لوح اعزاز نصب کی جا چکی ہیں امید ہے آ نے والے دنوں میں ڈاکٹر محمد امین پروفیسر انور جمال محترمہ ثریا ملتانیکر اور دیگر سینیر اور میرٹ پر آ نے والے اھل قلم کے گھروں پر لوح اعزاز نصب کرنے کا سلسلہ بھی جاری وساری رہے گا
ان تقاریب کی میزبانی اور مہمان داری بھی کمشنر ملتان کی طرف سے ہوتی ہے اسٹنٹ کمشنر جناب فہد رقیب اور پی آ ر او محترمہ ارم سلیمی اور ان کی ٹیم بھی ان تقاریب کے انعقاد میں مستعد اور فعال ہوتی ہے شاکر حسین شاکر اپنے مخصوص انداز میں نقابت کرتے ہیں اور نمایاں اھل قلم کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے اس
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار ظفر نے اس پزیرائی کے لئے کمشنر ملتان جناب عامر کریم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محبوب الحق جناب مختار مسعود اور جناب نسیم صادق کی طرح جناب عامر کریم نے بھی اپنے منفرد اور ملتان ڈویژن کے لئے نمایاں کارناموں کی وجہ سے تاریخ میں اپنا نام بنایا ہے اور ہم سب اھل قلم ان کی صحت اور مزید کامیابیوں کے لئے دعاگو ہیں انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ملازمت اور ادب میں ہمیشہ میرٹ کو مدنظر رکھا ہے اور اپنے علاقے کے نوجوانوں کے تعاون سے اپنے علاقے کے مسائل حل کئے ہیں اور تمام طبقات کے درمیان بھائی چارے اور ہم آ ہنگی کی فضا قائم رکھی ہے اس ضمن میں انہوں نے سوسائٹی کے صدر نعیم خان کے تعاون کا خصوصی ذکر کیا اس تقریب میں ڈاکٹر مختار ظفر کی شریک حیات جو معروف ماہر تعلیم مرزا عبدالغنی کی صاحب زادی ہیں بھی شریک رہیں
ڈاکٹر مختار ظفر کے گھر لوح اعزاز نصب کرنے کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر ملتان جناب عامر کریم خان نے برملا کہا کہ جب وہ ملتان میں ڈپٹی کمشنر تھے تب ان کے ذہن میں یہ خیال آ یا اور انہوں نے اسے عملی جامہ پہنایا تاکہ اس عمل کے ذریعے اھل قلم کی شناخت اور ان کے فن کا اعتراف کیا جائے
جناب عامر کریم خان کے مطابق اب بحثیت کمشنر انہوں نے اس رکے ہوئے سلسلے کو دوبارہ شروع کر دیا ہے اور اھل قلم اور دیگر فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے مزید سئنیر اور معروف افراد کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار ظفر ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں جنہوں نے اپنی انتظامی ادبی اور صحافیانہ صلاحیت کے ذریعے ایک اہم مقام حاصل کیا ہے ان کے شاگردوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جو ان کی رہنمائی سے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ڈاکٹر مختار احمد ظفر نے ہمیشہ محنت اور میرٹ کی بالا دستی کا درس دیا ہے اور خود بھی ہمیشہ اس پر عمل پیرا رہے ہیں کمشنر ملتان جناب عامر کریم خان نے اس موقع پر کہا کہ ادیب شاعر اور دانشور اس معاشرے کا حسا س طبقہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کا بروقت اعتراف حکومتی سطح پر بھی ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ لوح اعزاز کے اس عمل سے جتنی خوشی انہیں ہوتی ہے اتنی ہی اھل قلم کو بھی ہوتی ہے اور اھل علاقہ کو بھی اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے درمیان کتنی اہم شخصیت رہائش پذیر ہے
اس موقع پر جناب عامر کریم خان نے خیر کے سفر من وسلوی کے قیام۔ کہچری پر ٹریفک کے مسلے ملتان ایونیو کی تعمیر گول باغ کی تزہین و آ رائش مختلف چوکوں پر ثقافتی مجسمے اور قمقمے نصب کرنے اور اہم چوکوں اور شاہراؤں پر ڈیجیٹل اشاروں کی تنصیب جیسے اہم کاموں کا بھی ذکر کیا جس کی وجہ سے شہری سکون کا سانس لے رہے ہیں اور شہر بدلتا چمکتا دمکتا اور نکھرتا ہوا نظر آ رہا ہے
خیر کے سفر کے ذریعے ہزاروں مستحقین تک گرم کپڑے تقسیم کئے گئے ہیں شہر میں قائم من و سلوی کے چار مقامات سے ہزاروں افراد کو تین وقت کا معیاری کھانا مفت مل رہا ہے
وکلا کے تعاون سے چوک کہچری کا رش پارکنگ پلازہ فعال ہونے سے کسی حد تک ضرور کم ہوا ہے
پارکوں کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور ڈیجیٹل اشاروں کی تنصیب سے ٹریفک کا بہاو بھی کنٹرول ہوا ہے
سٹرکوں کی تعمیر و ترقی کے لئے بھی ایک ماسٹر پلان بنایا جا رہا ہے اس کے بعد شہر کے سوریج کے مسائل پر قابو پانے کی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی
جناب عامر کریم خان حکومتی فنڈز پر انحصار کرنے کی بجائے صنعت کاروں تاجر برادری سول سوسائٹی تعلیمی اداروں کی ایلومینائی مخیر حضرات اور مالیاتی اداروں کو ان منصوبوں میں شریک کر رہے ہیں جس کے مثبت نتائج بھی نکل رہے ہیں ان کی خواہش ہے کہ تعلیمی اداروں کی صورت حال بہتر ہو اور نوجوان نسل اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہو
ہر طالب علم ہر شہری شجر کاری میں اپنا حصہ ڈالے تاکہ عوام صرف حکومت پر ہی اکتفا نہ کریں اور شہر سر سبز ہو
ان کا یہ شکوہ بجا ہے کہ حکومت ہر شاخ ہر پتے یا ہر شجر پر پہرہ نہیں دے سکتی اس کی حفاظت اور آبیاری کی ذمہ داری عوام کی بھی ہے ہم بیرون ملک جا کر اچھے شہری تو بن جاتے ہیں اور اپنے ملک اور اپنے شہر میں غیر ذمہ دار شہری ثابت ہوتے ہیں اپنے پارکوں کو خراب کرتے ہیں ڈسٹ بن موجود ہونے کے باوجود کوڑا کرکٹ پارک میں پھینک دیتے ہیں جو ہمارے سیاسی اور معاشرتی شعور کی نفی کرتا ہے اسی طرح سمجھتے بوجھتے بے ہنگم ٹریفک کا بھی حصہ بنتے ہیں
جناب عامر کریم خان چاہتے ہیں کہ ان تمام مسائل پر ڈائیلاگ کی صورت بنے اور سول سوسائٹی صحافی میڈیا اور اھل قلم ان کے اس مشن میں ان کا ساتھ دیں ان کی آ واز کو ہر شخص تک پہنچائیں تاکہ ہم اپنے شہر کو ایک مثالی شہر بنا سکیں اور جناب عامر کریم کی کمشنری کے دور میں ملتان بھی اسلام آ باد لاہور اور فیصل آ باد جیسی ترقی حاصل کر سکے