ملتان:  پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے 5 جنوری کے موقع پر اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ:”ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 5 جنوری 1949 کو منظور کی گئی اپنی قرارداد پر فی الفور عملدرآمد یقینی بنائے، جس میں مقبوضہ کشمیری عوام کو استصوابِ رائے کا حق دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔”انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:”اقوام متحدہ کچھ طاقتور ممالک کے مفادات کی غلامی میں اپنی حیثیت کھو چکی ہے، اور وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر خاموش تماشائی بن چکی ہے۔”سید آفتاب عظیم بخاری نے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا:”آرٹیکل 370 کی منسوخی اور پھر 11 ستمبر 2023 کو بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے اس اقدام کی توثیق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی توہین ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف عالمی انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے بلکہ اس نے اقوام متحدہ کو محض ایک بے اختیار ادارہ ثابت کر دیا ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ ھم مقبوضہ کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان فلاح پارٹی سفارتی، سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر ان کی جدوجہد آزادی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے،آخر میں انہوں نے عالمی برادری، مسلم امہ، اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیری عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کریں۔تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ممکن ھو سکے۔