سیکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں کامیاب آپریشن ، بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج ہلاک،دہشت گردوں کی فائرنگ سے میجر عادل زمان شہید ہوگئے: آئی ایس پی آر
راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے میجر عادل زمان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 29 دسمبر کو ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، وہ اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں مزید بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔






































Visit Today : 22
Visit Yesterday : 469
This Month : 6784
This Year : 54620
Total Visit : 159608
Hits Today : 372
Total Hits : 720238
Who's Online : 8





















