ملتان: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ضلعی صدر سید جعفر شاہ نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی میں پیش رفت کر چکی ہے، اب ضروری ہے کہ معیشت میں عملی کردار ادا کرنے والے شعبوں خصوصاً چھوٹے تاجروں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکسوں اور یوٹیلٹی بلز میں رعایتی پیکج متعارف کرایا جانا چاہیے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود تاجر برادری نہ صرف مختلف ٹیکسز کی ادائیگی کے ذریعے حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے بلکہ ملک میں روزگار کی فراہمی کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ بڑے صنعتی اور تجارتی شعبوں کو متعدد مراعاتی پیکجز دیے جاتے ہیں اور انہیں ٹیکسز، بجلی اور گیس کے بلوں میں رعایت ملتی ہے، جبکہ چھوٹے تاجروں کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کریں گے اور چھوٹے تاجروں کے لیے عملی ریلیف اقدامات کا اعلان کیا جائے گا تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ اور معیشت کو مزید استحکام حاصل ہو سکے۔