ملتان :  سینٹر فار پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انیشیٹوز (سی پی ڈی آئی) نے پاکستان میں بجٹ کی شفافیت اور عملدرآمد کے احتساب میں موجود خامیوں پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے ،رپورٹ اسٹیٹ آف دی آرٹ بجٹ ٹرانسپیرنسی 2025کے نتائج ضلع ملتان میں میڈیا بریفنگ کے دوران سی پی ڈی آئی کے سٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹیبلٹی (سی این بی اے) کے پلیٹ فارم سے، مقامی پارٹنر (سی ایس او) امن ویلفیئر آرگنائزیشن کے تعاون سے پیش کئے گئے،رپورٹ میں مالی سال 2024-25 پر فوکس کیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے مکمل اعداد و شمار سال کے اختتام پر دستیاب ہوں گے،رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بجٹ کی شفافیت محدود اور غیر مساوی ہے، عوامی شرکت کمزور ہے اور احتساب کے نظام میں واضح خلا موجود ہیں،اہم بجٹ دستاویزات باقاعدگی سے عوام کے سامنے پیش نہیں کی جاتیں جبکہ شہریوں کو بجٹ ترجیحات پر اثر انداز ہونے کے مواقع بھی نہ ہونے کے برابر ہیں،میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے امن ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو سید شہباز حسین نے کہا کہ اگرچہ بجٹ وقت پر پیش کئے جاتے ہیں، تاہم پارلیمانی مشاورت کمزور ہے اور بجٹ پر بحث کے لئے محدود وقت دیا جاتا ہے، جس کے باعث موثر جانچ پڑتال ممکن نہیں ہو پاتی، انہوں نے کہا کہ بجٹ پر عملدرآمد کے دوران اخراجات اور آڈٹ رپورٹس بروقت جاری نہ ہونے سے شفافیت مزید متاثر ہوتی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ محمد اقبال سہو نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے تمام اہم معلومات عوام تک بروقت پہنچائی جائیں تاکہ وسائل کا موثر اور منصفانہ استعمال ممکن ہو سکے۔سیف گارڈ ینگ دوآبہ فاؤنڈیشن کی فوکل پرسن شازیہ سرور نے کہا کہ بجٹ سازی میں عوامی شرکت نہایت محدود ہے، جس کے باعث عام شہریوں کی ضروریات کو مناسب نمائندگی نہیں ملتی،انہوں نے خواتین اور نوجوانوں کو بجٹ مشاورت میں شامل کرنے پر زور دیا۔کنسلٹنٹ سلطان محمود نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق پنجاب کی کارکردگی نسبتاً بہتر ہے جبکہ وفاقی حکومت اس کے بعد ہے، تاہم سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں شفافیت کا معیار اب بھی قابل قبول سطح سے کم ہے،مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومتیں بجٹ معلومات بروقت جاری کریں، عوامی شرکت کو موثر بنائیں اور ایک مضبوط احتسابی نظام قائم کریں تاکہ حکمرانی میں بہتری اور عوامی اعتماد کی بحالی ممکن ہو سکے،واضح رہے کہ سی پی ڈی آئی ملک بھر کے 101 اضلاع میں 64 سول سوسائٹی تنظیموں کے نیٹ ورک سی این بی اے کے ذریعے طویل عرصے سے بجٹ سے متعلق تحقیق، مشاورت اور مباحثوں کا انعقاد کر رہا ہے، جس کا مقصد بجٹ سازی کو عوامی امنگوں سے ہم آہنگ کرنا اور اسے عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔