_ ملتان : حکومت پنجاب نے تجربہ کار ماہر تعلیم جعفر علی اعوان کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر جلال پور ملتان تعینات کر دیا۔ یہ تعیناتی ان کی شاندار کارکردگی، بہترین تعلیمی خدمات اور مثالی انتظامی صلاحیتوں کے اعتراف میں کی گئی ہے۔ جعفر علی اعوان نے اپنے کیریئر کے دوران گورنمنٹ ہائی سکول حافظ والا اور گورنمنٹ ہائی سکول لابر میں نمایاں خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے نہ صرف بہترین نتائج دیے بلکہ تعلیمی انفراسٹرکچر کو بھی جدید اور منظم انداز میں ترقی دی۔جعفر علی اعوان کے زیرِ انتظام سکولز نے گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران مسلسل 100 فیصد امتحانی نتائج دیے، جس سے طلبہ، والدین اور تعلیمی حلقوں کا اعتماد بحال ہوا۔ انہوں نے اپنے سکولوں کو علم و ادب کا گہوارہ بنایا، جہاں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا گیا اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا۔نئے عہدے پر ان کی تعیناتی کے موقع پر تعلیمی حلقوں اور معززین علاقہ نے خوشی اور امید کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی رہنما اور معززین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا قمر عباس نے کہا کہ جعفر علی اعوان جیسے محنتی اور مخلص افسر کا تقرر علاقے کے تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلیاں لائے گا۔ رانا محمد اسلم انجم، چیئرمین ایجوکیشنل موومنٹ، نے کہا کہ جعفر علی اعوان نے اپنی ماضی کی خدمات سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف ایک بہترین منتظم ہیں بلکہ ایک حقیقی رہنما بھی ہیں۔ریاض احمد آصف، صدر ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن، رب نواز خان، جاوید قبلہ، جاوید احمد خان، ڈاکٹر عبد المجید ساغر اور عبد الغفار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جعفر علی اعوان کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔معززین علاقہ نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعفر علی اعوان کی تعیناتی جلال پور ملتان کے تعلیمی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے تجربے اور لگن سے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے اور علاقے کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔تقریب کے اختتام پر جعفر علی اعوان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور علاقے کے طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات محنت کریں گے۔