ملتان میں انرولمنٹ کمپین 2026 کا آغاز، اساتذہ کو سو فیصد داخلوں کا ہدف مکمل کرنے کی ہدایت
ملتان: سی ای او ایجوکیشن ملتان طاہرہ عزیز نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام بہتر معیارِ تعلیم اور شرحِ خواندگی میں اضافے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ وطنِ عزیز سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایلمینٹری سکول نمبر 1 گلشن مارکیٹ میں تحصیل ملتان صدر کے تحت انرولمنٹ کمپین 2026 کے سلسلے میں داخلہ مہم اور آگاہی واک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈی او ایلمینٹری راؤ شاہ محمد، ڈی ای او ایلمینٹری راؤ شمشاد، ڈی ڈی ایم سی سکولز پاکیزہ حسین سمیت دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔مہمانِ خصوصی طاہرہ عزیز نے کہا کہ تمام سرکاری سکولوں میں پلے گروپ سے کلاس نہم تک داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اساتذہ کرام سکول سے باہر بچوں کے 100 فیصد داخلے کو یقینی بنائیں اور ہر سکول ہیڈ اپنے انرولمنٹ کا ذمہ دار ہوگا، جبکہ بوگس انرولمنٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔تقریب میں تحصیل ملتان صدر کے تقریباً 145 سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ نے شرکت کی۔ مختلف مراکز سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیڈ ٹیچرز کو سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر انرولمنٹ مہم کے اہداف اور حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اساتذہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ گھر گھر جا کر بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے کے لیے خصوصی مہم چلائیں۔ طاہرہ عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اساتذہ اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور یہ عزم ظاہر کیا کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے اور انرولمنٹ مہم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں لانا اور ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ والدین سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کریں۔مزید برآں، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے“پلانٹ فار پاکستان”ویژن کے تحت سکول میں پودا بھی لگایا۔ تقریب کے دوران سی ای او ایجوکیشن طاہرہ عزیز نے دو بچوں کا داخلہ بھی کیا اور انہیں یونیفارم، نصابی کتب اور سکول بیگ فراہم کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے دعا بھی کی گئی۔







































Visit Today : 548
Visit Yesterday : 445
This Month : 12199
This Year : 60035
Total Visit : 165023
Hits Today : 4354
Total Hits : 828356
Who's Online : 2




















