ملتان (صفدربخاری سے) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے ایک وفد کے ساتھ انٹریکٹو سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کا مقصد ترکیہ کے تعاون سے اسکول میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم، جدید تدریسی نظام، اور دیگر سہولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور اساتذہ کو اپنے بچوں کے داخلے کے لیے ترغیب دینا تھا۔ پرنسپل محترمہ سیدہ قرۃالعین اقبال نے اپنی پریزنٹیشن میں ادارے کی تعلیمی پالیسی، تدریسی طریقے، اور ماگس داخلے کے امتحان پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اسکول کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیمی ماحول کا ذکر کیا، جو اساتذہ اور والدین کے لیے متاثر کن ثابت ہوئے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ نے وفد کی پیشکش کو دلچسپی سے سنا اور اسکول کے تعلیمی معیار کے بارے میں سوالات کیے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے پاک ترک اسکول کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایسے تعلیمی اداروں کا تعاون اور شراکت بے حد اہمیت رکھتی ہے۔ پاک ترک معارف اسکول کی کاوشیں نہ صرف طلبہ کی نصابی تعلیم بلکہ ان کی اخلاقی اور ذہنی تربیت میں بھی قابلِ تعریف ہیں۔ اُنھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ملاقات دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی اشتراک کے مواقع پیدا کرے گی۔ اس موقع پر اسکول کی وائس پرنسپل محترمہ مصباح اکرم، وائس پرنسپل محمد فیصل خان، ڈاکٹر محمد اشتیاق، ڈاکٹر محمد نادر نقاش اور فیکلٹی اور اسٹاف ممبرز موجود تھے۔