ملتا ن(صفدربخاری سے) تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب کالج ملتان میں ایک شاندار آرٹ کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا و طالبات کے بنائے فن پارے نمائش کیلئے رکھے گئے تھے۔ طلبہ و طالبات نے پینٹنگز، پوسٹرز اور سکیچز کے ذریعے تعلیم کے راستے میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کی۔”پیغام پاکستان، تعلیم سب کے لیے“ کے عنوان سے منعقدہ اس نمائش کا مقصد طلبا ء کی تحقیقی صلاحیتوں کا اظہار اور دنیا کو درپیش حصول علم میں رکاوٹوں کی آگہی بھی تھا۔ نمائش میں 100 سے زائد پینٹنگز، سکیچز اور پوسٹرز کے ذریعے مختلف ڈسپلنز کے طلبا ء نے خوبصورتی سے تعلیم نسواں، چائلڈ لیبر، دہشت گردی اور جنگوں سے ہونے والے تعلیمی نقصانات کو موضوع بنایا اور اس حوالے سے حکومتی،قانون نافذ کرنے والے اداروں، فوج اور انٹرنیشنل اداروں کے مؤثر کردار کی وضاحت کی۔ افتتاحی تقریب کے دوران کالج کے ڈائریکٹر ایڈمن اسامہ بشیر قریشی کا کہنا تھا کہ آرٹ ایک آفاقی زبان ہے اور بچوں نے درست انداز میں اچھی اور معیاری تعلیم کے حصول کو ملکی تعمیر و ترقی کے لیے معاون ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن پروفیسر طاہر سلطان کا کہنا تھا کہ غربت اور جہالت کا راستہ تعلیم کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے صرف کلاس رومز ہی طلبا کے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ معروف تجزیہ نگار اور صحافی امجد بخاری کا کہنا تھا کہ اس طرح تعلیم کا عالمی دن منانا طلبا میں حصول تعلیم کے شعور کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہو گا۔ نمائش میں سانحہ آرمی پبلک سکول کو بھی مؤثر انداز میں پیش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پاک افواج کی تعلیمی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔تقریب کے اختتام میں جیتنے والے طلبا میں پرائز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔طلبا ء و طالبات کی کثیر تعداد نے نمائش میں شرکت کی۔