ملتان:  سٹی صدر سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ ملتان،ان شاء اللہ ایم پی اے حلقہ پی پی 215ملتان چوہدری زاہد مسعود نے کہا ہے کہ ڈیرہ اڈا ملتان کا صلاح الدین ڈوگر پارک ایک عوامی تفریح گاہ ہے اسے سیاست کا نشانہ نہ بنا یا جائے اسے الیکٹرک بسوں کا سٹینڈ بنانے کی بجائے ویڈا بسوں کے وسیع و عریض سٹینڈ کی کئی کنال خالی پڑی ہوئی جگہ پربنایا جائے جو کہ کسی کام بھی نہیں آرہی۔ اِس موقع پر وائس چیئرمین یوسی 32چوہدری خالد حسین بھی موجود تھے۔یہ پارک تو عوام کی تفریح اور سہولت کیلئے ایک شاندار لوکیشن ہے اِسے توڑنے ،مسمار کرنے یا خراب کرنے سے لاکھوں لوگوں کی حق تلفی ہوگی۔کسی صورت بھی الیکٹرک بسوں کیلئے صلاح الدین ڈوگر پارک کا مسمار کرنا قبول نہیں کریں گے۔ویڈا بسوں کے سٹینڈ کی جگہ ابھی بھی خالی ہے اور اس میں الیکٹرک بسوں کیلئے شاندار سٹینڈ کے طور استعمال کیا جاسکتا ہے اور پارک کومسمار کرنے کی کوئی منطق دکھائی نہیں دیتی۔ہماری آواز ہمیشہ عوامی ریلیف اور آسائش کیلئے اٹھتی رہی ہے اور آئندہ بھی لوگوں کے مفاد کیلئے ہم صف ِاول میں آکر زنجیر ہلاتے رہیں گے ۔چوہدری خالد حسین کا کہنا ہے کہ صلاح الدین ڈوگر پارک سے ہزاروں لوگ مستفید ہورہے ہیں لاکھوں لوگوں کا مطالبہ ہے کہ الیکٹرک بسوں کو سٹینڈ دینے کیلئے پارک کی زمین استعمال نہیں کرنے دیں گے کیونکہ یہ پبلک پراپرٹی ہے اور پبلک کے ریلیف کیلئے ہے ۔حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے کام کررہی ہے اور وزیراعلیٰ عام آدمی کی آسودگی کیلئے دن رات کوشاں ہیں جس پر قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے لیکن ترقی و خوشحالی کی آڑ میں عوامی پارکوں کو نشانہ بنانا عوام سے زیادتی ہوگی۔