تحریکِ پاکستان سے تعمیرِ پاکستان تک علماء و مشائخ کا کردار درخشندہ باب ہے: علامہ فاروق خان سعیدی
ملتان : جماعت اہل سنت پاکستان ضلع ملتان کی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس اور جماعت اہل سنت ضلع ملتان و چاروں تحصیلوں سٹی، صدر، شجاع آباد اور جلال پور کے نو منتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری “ادارہ کنز الایمان” ملتان میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت امیرِ ضلع مفتی غلام یٰسین خان سعیدی نے کی۔ تقریب میں ناظمِ اعلیٰ جماعت اہل سنت پنجاب علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، مرکزی ناظمِ اطلاعات و نشریات پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، صوبائی ناظمِ اطلاعات صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی، علامہ سید رمضان شاہ فیضی، علامہ قاری فیض بخش رضوی اور پیر عزیز رسول سیفی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی نے کہا کہ تحریکِ پاکستان سے لے کر تعمیرِ پاکستان تک علماء و مشائخِ اہل سنت کا کردار تاریخ کا ایک درخشندہ باب ہے، ہمارے بزرگوں نے ملک کی خاطر بے مثال قربانیاں دیں اور آج بھی جماعت اہل سنت ملکی استحکام کے لیے صفِ اول میں موجود ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اپنے اکابر کی روایات اور مشن پر عمل کرتے ہوئے استحکامِ پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کیونکہ اکابر علماء و مشائخ نے قیامِ پاکستان میں ہمیشہ قائدانہ خدمات سر انجام دی ہیں۔ مرکزی ناظمِ اطلاعات پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے اپنے خطاب میں جماعت اہل سنت کے بانیان اور عظیم قائدین کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزالیِ زماں علامہ سید احمد سعید شاہ کاظمی، قائدِ اہل سنت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی، حضرت علامہ عبدالمصطفیٰ الازہری، خطیبِ پاکستان مولانا محمد شفیع اوکاڑوی اور مبلغِ اسلام مولانا سید سعادت علی قادری کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، ان اکابرین کی زندگی اور جدوجہد ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اہل سنت جدید تقاضوں کے مطابق مسلکِ حق کی ترویج اور نوجوان نسل میں اسلام کا پیغامِ امن، رواداری اور بھائی چارہ عام کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہی ہے اور دورِ حاضر میں اسلام کے حقیقی تشخص کا تحفظ اور نئی نسل کی فکری آبیاری وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی اور دیگر مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اہل سنت کسی بھی قسم کی سیاسی آلودگی سے پاک اور خالصتاً علماء و مشائخ کی فکری و عملی محنتوں کا ثمر ہے، پاکستان درحقیقت اولیاء اللہ کا فیضان ہے اور ان کے آستانے ہمیشہ سے امن و محبت کے مرکز رہے ہیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک کی بقا اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، علماء و مشائخ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی دشمن کو وطنِ عزیز کی نظریاتی بنیادوں پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس کے دوران جماعت اہل سنت ضلع ملتان اور تحصیل سٹی، صدر، شجاع آباد و جلال پور کے نو منتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا گیا جبکہ ناظمِ اعلیٰ قاری مطیع الرسول سعیدی اور آرگنائزر قاری خادم حسین سعیدی نے سال 2026 کے لیے تنظیمی اہداف پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر علامہ سید رمضان شاہ فیضی اور پیر عزیز رسول سیفی نے ملک کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے خصوصی دعا کروائی، جس کے بعد شرکاء کی تواضع پرتکلف ظہرانے سے کی گئی۔




































Visit Today : 123
Visit Yesterday : 509
This Month : 1665
This Year : 65384
Total Visit : 170372
Hits Today : 323
Total Hits : 886916
Who's Online : 5





















