ملتان :  جمعیت علماء پاکستان کے نومنتخب مرکزی نائب صدر مولانا حاجی عاشق علی خان قادری، مرکزی رہنماؤں میاں عبدالسلام قریشی، عثمان سیالوی ایڈووکیٹ، علامہ محمد عرفان قادری، مفتی شفیع چشتی، سید الطاف شاہ گیلانی اور علامہ صادق سیرانی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے موجودہ نازک حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ اہلسنت کے تمام مکاتبِ فکر باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد و اتفاق کا راستہ اپنائیں کیونکہ اہلسنت کی اصل قوت اتحاد میں ہے، دینی اداروں اور جماعتوں کے درمیان فکری ہم آہنگی ہی درپیش چیلنجز کا واحد حل ہے۔ جے یو پی نے ہمیشہ کارکنوں کو تشدد سے دور رکھا اور پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے ظالم حکمرانوں سے مطالبات منوائے انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ یا کسی بھی طاقت نے پاکستان کی سلامتی کے خلاف کوئی قدم اٹھایا تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ جے یو پی استحکامِ پاکستان کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ جے یو پی کے رہنماؤں نے عالمی امن کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی قوانین (International Rule of Law) کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتوں نے امریکی “من مانی” کو نہ روکا تو پورے خطے میں تباہ کن آگ پھیل سکتی ہے۔ رہنماؤں نے ایران کو دھمکیاں دینے پر امریکی صدر کی شدید مذمت کی اور امتِ مسلمہ سے ایران کی اخلاقی حمایت کی اپیل کی۔ بیان میں سعودی عرب کے اس موقف کا خیرمقدم کیا گیا جس میں انہوں نے ایران پر حملے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال نہ کرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔ رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد استعماری طاقتوں کا غرور خاک میں مل جائے گا۔