ملتان (صفدربخاری سے) ملتان بار ایسوسی ایشن کی تاریخ میں پہلی بار خاتون کے صدر منتخب ہونے پر وکلا برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر معروف قانون دان رانا نصر اقبال ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار سیدہ بشریٰ نقوی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے، جبکہ نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔ رانا نصر اقبال ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ سیدہ بشریٰ نقوی کی کامیابی نہ صرف خواتین وکلا بلکہ پوری وکلا برادری کے لیے ایک تاریخی اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بار کے مسائل کے حل اور وکلا کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گی۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار سیدہ بشریٰ نقوی نے رانا نصر اقبال ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے عہدے کی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ نبھائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین و قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور وکلا برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ سیدہ بشریٰ نقوی نے مزید کہا کہ بزرگ اور سینئر وکلا کے مسائل ان کی ترجیحات میں شامل ہوں گے اور ان کے لیے پنشن کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلا کی پیشہ ورانہ تربیت، بار اور بینچ کے درمیان ہم آہنگی اور انصاف کے نظام کو مزید مضبوط بنانا بھی ان کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ آخر میں وکلا برادری کی جانب سے نو منتخب صدر کے حق میں نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ان کی قیادت میں ملتان بار مزید فعال اور مضبوط ادارہ بن کر ابھرے گی۔