ملتان (صفدربخاری سے) جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے صوبائی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس 17 دسمبر کو اسلامک سنٹر منعقد ہوا جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر نے کی۔ اجلاس میں امراء اضلاع و قیمین اور ضلعی الیکشن سیل کے ناظمین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں الیکشن 2024 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے جنوبی پنجاب میں تمام قومی اور صوبائی حلقہ جات میں اپنے امیدوران کا اعلان کردیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو میں کہا کہ جماعت اسلامی اپنے نام انتخابی نشان ترازو اور منشور کی روشنی میں غربت مہنگائی بے روزگاری کے خاتمے جمہوری اصولوں کی سر بلندی اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لیے ہر سیٹ پر الیکشن میں حصہ لے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم نے تینوں بڑی جماعتوں کو بارہا آزما لیا ہے اب ہمیں امید ہے کہ عوام اپنے حقوق کے تحفظ اور حصول کے لیے جماعت اسلامی کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے کامیاب کروائے گی۔اجلاس سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی پروفیسر افتخار ہاشمی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمود بشیر اور عارف خان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔