آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء،،،بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست ، آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا
احمدآباد: بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کا 241 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 43 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔ آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ بار چیمپئن بننے والی ٹیم بن گئی ہے جو اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں بھی ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی، بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام 9 لیگ میچز میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں بھی کامیاب ہوئی تھی تاہم فائنل میں کینگروز نے بھارتی ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا اور صرف 47 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لبوشین ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں واپس لے آئے۔ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مارنوس لبوشین 58 رنز اور گلین میکسویل 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ بھارت کی طرف سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی اور محمد سراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔