ملتان :  ممبر امن کمیٹی ملتان و مرکزی تنظیم لائسنسداران امام حسین کے مرکزی صدر مہر شاہد عباس چاون نے کمشنر ملتان ڈویژن کو دی گئی درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب ڈیمار کیشن، کلاسیفیکیشن اینڈ نیمنگ آف لوکل ایریاز رولز 2025 کے تحت مقامی حکومتوں کی حد بندی، درجہ بندی اور مقامی ایریا کو نام دینے کا عمل زیر کاروائی ہے۔ جس کے مطابق ملتان کے اربن ایریاز (شہری علاقے) میں تین ٹاؤنز بنائے گئے ہیں۔ جن کو نشتر ٹاؤن، موسیٰ پاک شہید ٹاؤن اور شاہ رکن عالم ٹاؤن کا نام دیا گیا ہے۔ ان تین ناموں میں دوسرے اور تیسرے ٹاؤن کو ملتان کے معروف صوفیائے کرام اور بزرگان دین جن کے ملتان میں عالیشان مزارات موجود ہیں حضرت موسیٰ پاک شہید اور حضرت شاہ رکن عالم کے ناموں سے منسوب کر کے موسیٰ پاک شہید ٹاؤن کارپوریشن اور شاہ رکن عالم ٹاؤن کارپوریشن رکھا گیا ہے۔ جو کہ بہت اچھی اور خوش آئند بات ہے۔ کیونکہ ان کی برصغیر پاک وہند میں گراں قدر علمی اور دینی خدمات ہیں جبکہ ملتان میں ایک اور صوفی بزرگ حضرت شاہ شمس تبریز کا مزار بھی موجود ہے۔ ان کی بھی اس دھرتی میں بہت علمی و دینی خدمات ہیں اسی لیے نشتر ٹاؤن کارپوریشن کا نام تبدیل کر کے حضرت شاہ شمس تبریز کے نام سے منسوب کر کے شاہ شمس ٹاؤن کارپوریشن رکھا جائے انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف،چیف سیکرٹری پنجاب سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں سنجیدگی سے نوٹس لیں۔