ملتان: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی عہدیداران شیخ جاوید اختر، سید جعفر علی شاہ، خالد محمود قریشی، جہانزیب چوہدری اور ملک شہزاد حیدر نے قائم مقام سی ٹی او ملتان کائنات اظہر خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پیز مہر نذیر احمد، محمد قذافی اور قمر رشید بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران تاجران رہنماؤں نے ٹریفک کی ابتر صورتحال اور تجاوزات کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ شہر کی اہم سڑکوں بلخصوص حسین آگاہی سرکلر روڈ،چوک حسین آگاہی اطراف کی سڑکوں،دولت گیٹ،چوک کمہارنوالہ،چونگی نمبر 14,چونگی نمبر9،حضوری باغ روڈ،گھنٹہ گھر چوک،بوہڑ گیٹ،حرم گیٹ،ممتاز آباد ،شاہ رکن عالم،سمیجہ اباد،ایم ڈی اے چوک،سورج میانی،خونی برج اور پاک گیٹ وغیرہ کے علاقوں سے تجاوزات فوری طور پر کلیئر کی جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے۔شیخ جاوید اختر اور جعفر علی شاہ نے کہا کہ حسین آگاہی کے باہر قائم رکشہ اسٹینڈ کو فوری طور پر قلعہ کہنہ پارکنگ ایریا میں منتقل کیا جائے اور موقع پر پانچ سے زائد رکشوں کو کھڑے ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔خالد محمود قریشی نے مزید مطالبہ کیا کہ حسین آگاہی چوک سمیت شہر کے دیگر انتہائی رش والے مقامات اور سڑکوں پر مستقل بنیادوں پر ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ٹریفک وارڈنز اپنی ڈیوٹی درست طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے عہدیداران نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ٹریفک وارڈنز کی اولین ترجیح ٹریفک کی روانی ہونی چاہیے، تاہم اس کے برعکس زیادہ توجہ چالانوں پر دی جا رہی ہے جس کے باعث رش بڑھ جاتا ہے اور ٹریفک بلاک ہو جاتی ہے۔ انہوں نے لفٹر کے عملے کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری ابھی گاڑی سے اتر ہی رہے ہوتے ہیں کہ لفٹر گاڑی اٹھا لیتا ہے اور موقع پر ہی چالان بھی کر دیا جاتا ہے، اس معاملے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر قائم مقام سی ٹی او ملتان کائنات اظہر خان نے تاجران رہنماؤں کو بھرپور یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مطالبات کو باہمی مشاورت اور خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا اور شہریوں کو درپیش ٹریفک مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔