ملتان: جماعت اسلامی کی ریفرنڈم مہم، شہری و تاجر برادری نے پنجاب بلدیاتی ایکٹ مسترد کر دیا
ملتان : جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پنجاب بلدیاتی ایکٹ کے خلاف عوامی ریفرنڈم مہم جاری ہے۔ اسی سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع ملتان کی جانب سے چوک نواں شہر پر انجمن تاجران آٹو پارٹس کے اشتراک سے ریفرنڈم کیمپ لگایا گیا، جہاں تاجر برادری اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے موجودہ بلدیاتی ایکٹ کو مسترد کر دیا۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر معاذ امجد، صدر انجمن تاجران آٹو پارٹس نواں شہر سیف اللہ شیخ اور سماجی راہنما میڈیا کوارڈینیٹر انجمن تاجران آٹو پارٹس نواں شہر سعید اللہ شیخ، صدر بزنس فورم شیخ عرفان نے خطاب کیا۔ڈاکٹر معاذ امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کا واضح مؤقف ہے کہ اگر بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں تو ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کو بلدیاتی اداروں کے ماتحت ہونا چاہیے، نہ کہ بیوروکریسی کو عوام پر مسلط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب بلدیاتی ایکٹ دراصل اختیارات عوامی نمائندوں کے بجائے بیوروکریسی کے ہاتھ میں دے کر آمریت کو مضبوط کرنے کی کوشش ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔سیف اللہ شیخ نے کہا کہ تاجر برادری بلدیاتی نظام کے بغیر سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں گے تو بازاروں، سڑکوں، صفائی اور بنیادی سہولیات کے مسائل فوری طور پر حل ہوں گے۔شیخ عرفان نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی مینڈیٹ سے خوفزدہ ہے، اسی لیے اختیارات بیوروکریسی کے پاس رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حقیقی بلدیاتی نظام نافذ کیا جائے تاکہ عوام کے منتخب نمائندے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کر سکیں۔سماجی راہنما سعید اللہ شیخ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا عوامی ریفرنڈم دراصل عوام کی آواز ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عوام دشمن بلدیاتی ایکٹ کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کریں اور ایک مضبوط، خودمختار اور بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ریفرنڈم کیمپ میں چوہدری مشتاق احمد، جنید خان ترین، اجمل خان، ذیشان شانی، امان اللہ شیخ، حبیب اللہ شیخ، محمد جاوید، زاہد حبیب، محمد ریاض قریشی، محمد عاطف، محمد اسلم، خواجہ وسیم، محمد کاشف، محمد علی، سید ناظر مسعود، شیخ سیف اللہ عطاء، عبدالواجد انصاری، اور دیگر تاجروں و شہریوں نے شرکت کی۔کیمپ کے اختتام پر ممتاز تاجر راہنما اور بانی آٹو پارٹس مارکیٹ ملتان محمود اللہ شیخ مرحوم، ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت فرزندِ ملتان اسد اللہ شیخ مرحوم، نصیر احمد شیخ مرحوم، خواجہ نعیم مرحوم سمیت دیگر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمدؒ، سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسنؒ، سید وسیم اخترؒ اور دیگر جماعتی، تاجر، سماجی و سیاسی رہنماؤں کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی گئی۔آخر میں پاکستان میں امن، استحکام، کرپشن سے پاک نظام، اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بانی صدر آٹو پارٹس مارکیٹ محمود اللہ شیخ مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی خدمات کو تاجر برادری کبھی فراموش نہیں کر سکتی اور تاجر برادری کی جانب سے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔







































Visit Today : 24
Visit Yesterday : 553
This Month : 13734
This Year : 61570
Total Visit : 166558
Hits Today : 159
Total Hits : 848325
Who's Online : 6




















