ملتان : انجمن تاجران حرم گیٹ، پاک گیٹ، خونی برج سرکلر روڈ کا ایک اہم اجلاس صدر محمد اصغر چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سینکڑوں تاجروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری محمد سہیل اختر شیخ، چیئرمین حاجی اسحاق بھٹی، وائس چیئرمین حافظ صدیق، چیئرمین مجلس عاملہ چوہدری منصور، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری وسیم واحد بھٹی، فنانس سیکرٹری شیخ ندیم اور وائس چیئرمین مجلس عاملہ چوہدری محمد افضل سردار سمیت دیگر عہدیداران اور تاجروں نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکاء نے سرکلر روڈ، حرم گیٹ، پاک گیٹ اور خونی برج کے علاقوں میں تاجروں کو درپیش سنگین مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ شرکاء نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں کے بھاری چالانوں اور پیرا فورس کی مبینہ زیادتیوں نے کاروبار کو شدید متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث گاہک مارکیٹوں کا رخ کرنے سے گریزاں ہیں۔صدر انجمن محمد اصغر چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ بازار تین تھانوں، تھانہ دہلی گیٹ، تھانہ پاک گیٹ اور تھانہ حرم گیٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اس کے باوجود ڈکیتی، چوری، تالے توڑنے اور دیگر جرائم کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، جبکہ پولیس پٹرولنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کا یہ معروف تاریخی روڈ اور بازار مسائلستان بن چکا ہے اور تاجر شدید بے روزگاری اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔جنرل سیکرٹری محمد سہیل اختر شیخ نے کہا کہ خونی برج، حرم گیٹ اور پاک گیٹ کے علاقوں میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں بلکہ تاجروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے لوڈر رکشوں کو روکے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارتی سامان کی آمدورفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔چیئرمین حاجی اسحاق بھٹی نے کہا کہ موٹر سائیکل چالانوں کی بھرمار اور غیر ضروری سختیوں کے باعث بازاروں میں خریدار نہیں آ رہے، جس سے تاجروں کا کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجر دوست پالیسی اپنائی جائے۔وائس چیئرمین حافظ صدیق، چیئرمین مجلس عاملہ چوہدری منصور، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری وسیم واحد بھٹی، فنانس سیکرٹری شیخ ندیم اور وائس چیئرمین مجلس عاملہ چوہدری محمد افضل سردار نے اپنے خطابات میں کہا کہ پولیس کی مؤثر پٹرولنگ، ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل اور تاجروں کو بلاجواز ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، بصورت دیگر تاجر برادری احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔اجلاس میں حافظ مقبول، سلیم شاہ، امیر حسن کھوکھر، حاجی ریاض، واجد، امین بھائی، عمیر، شیخ عمر، الطاف حسین غوثیہ، خواجہ طارق، سبحان انور، شکیل قریشی، ملک صابر، ملک عابد، ملک عمران، ڈاکٹر خالد، شبیر ڈسکو، یوسف سومرو، شیخ سلطان، شیخ یاسین، طارق برتن والے اور دیگر تاجروں نے بھی شرکت کی اور مسائل پر یکجہتی کا اظہار کیا۔اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر ملتان اور سی پی او ملتان سے مطالبہ کیا گیا کہ تاجروں کے جائز مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے، بھاری موٹر سائیکل چالانوں اور پیرا فورس کی زیادتیوں کا خاتمہ کیا جائے، پولیس پٹرولنگ کو مؤثر بنایا جائے اور ٹریفک و سامان کی ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ شہر کے اس تاریخی بازار کو دوبارہ اس کی اصل رونق لوٹائی جا سکے۔