ملتان (صفدر بخاری سے) انجمن تاجران علی چوک، ربانی چوک، ولایت حسین کالج گیٹ نمبر 2 کے انتخابات مکمل ہو گئے، جس کے نتیجے میں تاج الدین قریشی پانچویں بار بلا مقابلہ صدر جبکہ لیاقت مغل جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان ظفر اقبال صدیقی نے نو منتخب صدر تاج الدین قریشی، جنرل سیکرٹری لیاقت مغل اور دیگر عہدیداران سے حلف لیا۔ تقریب میں نائب صدر، جوائنٹ سیکرٹری، چیئرمین، فنانس سیکرٹری اور سیکرٹری نشر و اشاعت سمیت مجلس عاملہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ حلف اٹھانے والوں میں بدر دین قریشی (چیئرمین)، شیخ محمد عمران، رستم علی قریشی، شیخ عمیر بدر، محمد عارف، استاد سلیم، محمد علی، ملک راشد، محمد عابد قریشی، عمران جلندھر، احمد صدیقی، محمد طارق اور استاد تنویر سمیت دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز ظفر اقبال صدیقی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری شہر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور انجمن تاجران کا مضبوط اور متحرک کردار مسائل کے حل میں اہم ثابت ہوگا۔نومنتخب صدر انجمن تاجران تاج الدین قریشی اور جنرل سیکرٹری لیاقت مغل نے تمام تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو اعتماد دیا گیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے اور تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران تاجر برادری کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور باہمی اتحاد کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔