ملتان: استحکام پاکستان اتحاد فاؤنڈیشن کی مرکزی چیئرپرسن ساجدہ احمدنے کہا ہے کہ ہم اپنے حساس اداروں کے معاملے میں بیحدحساس اوران کے مداح ہیں، ہمارے سرفروش اورفرض شناس مارخور مادروطن کی سا لمیت اورقومی حامیت کے محافظ ہیں اورہم ان کی عزت پرآنچ نہیں آنے دیں گے،جوان کیخلاف ہزرہ سرائی کرے گا، عوام ان کا محاصرہ اورمحاسبہ کریں گے۔ استحکام پاکستان اتحاد فاؤنڈیشن کے مضطرب اورمشتعل کارکنان کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ساجدہ احمدنے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں سردار امان نامی احسان فراموش اور ضمیرفروش سمیت نام نہاد کشمیر ایکشن کمیٹی کے مٹھی بھر گمراہ افراد کی ہماری قابل فخراورقابل رشک حساس ایجنسی آئی ایس آئی کیخلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے،ان شرپسندوں اور وظیفہ خوروں کیخلاف سخت ایکشن کیا جائے،یہ بدبخت عناصر مختلف واقعات میں قومی پرچم کی توہین اور قومی اداروں کیخلاف دشنام طرازی میں ملوث رہے ہیں،ان پرہرگز رحم نہیں کیاجاسکتا،یہ گمراہ عناصر اپنے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پرہماری محبوب ریاست اور ہمارے دفاعی اداروں کیخلاف زہراگلنابندکردیں ورنہ ان کیلئے گلی محلے میں نکلنا دشوارہوجائے گا، یہ عہدحاضر کے میرجعفر اورمیرصادق ہیں، پاکستان کے عوام ان غداروں کے ساتھ کسی قسم کاکوئی تعلق نہیں رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر میں ہندودرندے مسلمان بیٹیوں کی عزتیں پامال اورکشمیری نوجوانوں کو شہید کر تے ہیں جبکہ بھارت کے یہ بھگت ہمارے شہدا ء اورغازیوں کی قربانیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں،ہم نام نہاد کشمیر ایکشن کمیٹی کے بھارت نوازعناصر کواپنے حقوق کی آڑ میں ملک دشمن سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔