ملتان(صفدربخاری سے) امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ پنجاب کا بلدیاتی کالا قانون جمہوریت اور عوامی حقِ حکمرانی پر کھلا ڈاکہ ہے، جسے عوام اپنی رائے کے ذریعے مسترد کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام جاری عوامی ریفرنڈم نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام بااختیار بلدیاتی نظام چاہتے ہیں اور کسی صورت مسلط کردہ غیر جمہوری قانون کو قبول نہیں کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ڈسٹرکٹ بار کونسل میں قائم عوامی ریفرنڈم کیمپوں کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں وکلاءکی بڑی تعداد نے بیلٹ پیپر کے ذریعے پنجاب بلدیاتی ایکٹ 2025ءکے خلاف اپنی رائے کا اظہار کیا سید ذیشان اختر نے کہا کہ غیر جماعتی بلدیاتی نظام، براہ راست منتخب نمائندوں کے اختیارات ختم کرنا اور نچلی سطح پر سیاسی عمل کو کمزور کرنا دراصل عوام کو فیصلہ سازی سے دور رکھنے کی سازش ہے۔ جماعت اسلامی اس خاندانی سیاست اور اختیارات کی اجارہ داری کو چیلنج کر رہی ہے اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ ملتان میں عوامی ریفرنڈم کو غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے وکلاء، تاجر، طلبہ اور عام شہری بڑی ذمہ داری کے ساتھ اپنی رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اس کالے قانون کے خلاف ہیں انہوں نے بتایا کہ عوامی ریفرنڈم 15 جنوری سے ملتان میں جاری ہے۔ پہلے روز 36 مقامات، دوسرے روز 40 سے زائد مقامات اور آج تیسرے روز بھی متعدد مقامات پر ریفرنڈم کیمپ قائم کیے گئے، جہاں عوام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ یہ عوامی ریفرنڈم 18 جنوری تک جاری رہے گا اور 18 جنوری اتوار کو بھی ملتان کے مختلف علاقوں میں متعدد مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے۔