ملتان (صفدربخاری سے)  وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیم دوست ویژن کے تحت اور صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان اور سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب خالد نزیر وٹو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب بھر کے 36 اضلاع کے مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے اور سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ، ارٹس اور ریاضی کے فروغ کےلئے STEAM سائنس ایکسپو کا پہلا مرحلہ مکمل۔ صوبائی سطح کے دوسرے مرحلے کا انعقاد 24 دسمبر کو لاہور میں ہوگا۔ جس میں ضلعی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ایک لاکھ، دوسری پوزیشن 75 ہزار اور تیسری پوزیشن پر 50 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم ملتان کے زیر اہتمام گورنمنٹ مون لائٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ملتان میں STEAM مقابلے ہوئے۔ ضلعی سطح کے ان مقابلہ جات میں 58 سکولوں کے طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ ڈی ای او سیکنڈری سکولز ملتان شیخ محمد رفیق پروگرام کے فوکل پرسن تھے۔ مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری ، سیکرٹری ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر عبید اللہ کھوکھر ، سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ اور سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد نے فوکل پرسن شیخ محمد رفیق کے ہمراہ طلبہ و طالبات کی جانب سے تیار کردہ سائنسی ماڈلز کا معائنہ کیا۔ سرکاری سکولوں کے بچوں کی محنت، لگن اور ذہانت کو سراہا اور ماڈلز بارے بچوں سے سوالات بھی کیے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا کہ حکومت نظام تعلیم میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔حکومت پنجاب کی جانب سے STEAM مقابلوں کا انعقاد خوش ائند ہے۔ مثبت سرگرمیوں سے بچوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے اور بچوں کے ذہنی و فکری استعداد میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے بغیر ترقی ممکن نہیں، لہذا کوالٹی ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور بہترین ماڈلز تیار کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ سیکرٹری ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر عبید اللہ کھوکھر نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارے ہمارا سنہرا مستقبل ہیں۔ ان کی تعلیم و تربیت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ حکومت بامقصد اور معیاری تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔ STEAM مقابلوں سے طلبہ میں خود اعتمادی اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ STEAM مقابلوں میں طلبہ و طالبات کی بھرپور شرکت اساتذہ کرام کی محنت و لگن کا خوبصورت اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کرام اور بچوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور فروغ تعلیم کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس سے قبل مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے مقابلے میں پوزیشن ہولڈرز میں کیش پرائز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔ انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ بوائز ہائی سکول دولت گیٹ کے کلاس دہم کے طالب علم روحان خالد کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر 30 ہزار کیش پرائز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول قاسم بیلا ملتان کے کلاس ہشتم کے طالب علم محمد نعیم الیاس کو دوسری پوزیشن پر 20 ہزار نقد و سرٹیفیکیٹ اور گورنمنٹ گرلز ایکسیلنٹ لیب ماڈل ہائر سیکنڈری سکول نواں شہر ملتان کی نہم کلاس کی طالبہ تعظیم مغیث خان کی تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر 10 ہزار روپے نقد اور سرٹیفکیٹ سے نوازا ۔ جبکہ گورنمنٹ جونیئر ماڈل گرلز ہائی سکول ملتان کے تیسری جماعت کے طالب علم عبدالباسط خان کو سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد نے 5 ہزار نقد اور گورنمنٹ گرلز کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری سکول ملتان کی طالبہ جویریہ روف کی حوصلہ افزائی کے لیے سرٹیفیکیٹس دیے گئے۔ اس موقع پر گورنمنٹ مون لائٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نیو ملتان کی پرنسپل خالدہ شاہین ، پرنسپلز اینڈ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ریاض احمد اصف، ایجوکیشن افیسر میاں منیر احمد کے علاوہ اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور سائنس میلہ کے مقابلے میں رکھے گئے ماڈلز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور طلبہ کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔