ملتان (صفدربخاری سے) ملک بھرکی طرح ملتان میں بھی 16 دسمبر اے پی ایس شہداء کی برسی کے حوالے سے دعائیہ تقریبات کا انعقاد ،  اس حوالے سے نیشنل تاجر اتحاد پاکستان کے مرکزی چیئرمین میاں امتیاز احمد شیخ ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل دلدار حسین بلوچ ۔ انفارمیشن سیکرٹری اسماعیل علی شجراء۔ فنانس سیکرٹری ملک احتشام گل۔ چیئرمین مجلس عاملہ حاجی ارشاد احمد آرائیں۔ صدر ضلع ملتان ملک محمد اسلم بوہنہ ۔ جنرل سیکرٹری یونس خان جسکانی۔سٹی صدر عمر صدیق انصاری ۔ جنرل سیکرٹری پروفیسر زین انصاری نے شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا قرض اس قوم کے سر ہے۔ دہشتگردوں نے آرمی پبلک سکول کے اساتذہ اور بچوں پر نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے مستقبل پر کاری وار کیا اور مملکتِ پاکستان کو غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کے لئے مکمل کوششیں کیں مگر قوم نے یک جان ہوکر اس نازک وقت کا بھرپور مقابلہ کیا۔ بچوں نے تعلیمی ادارے کو دوبارہ سے جوان مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آباد کیا۔ یہ پیغام تھا ملک دشمن۔ امن دشمن عناصر کے لئے کہ پاکستانی قوم کو ترنوالہ سمجھنے والے اپنی عقل پر ماتم کریں کہ ہر کڑے وقت میں پاکستانی قوم ہزار باہمی اختلافات کے باوجود ایک پیج پر اپنی حکومت۔ فوج اور امن قائم رکھنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ 16 دسمبر محض ایک دن گزرنے کا نام نہیں بلکہ یہ پاکستانی کو اس عہد کے تجدید کی یاد دلاتا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نہ صرف خود تیار رہیں بلکہ اپنی خواتین اور بچوں کو بھی ہوشیار رکھیں۔ یہ ملک خدائے متعال کا تحفہ ہے جو اگرچہ تاقیامت شاداں و فرحاں رہے گا مگر اس کے ایک ایک انچ ذرے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ یہ وقت ہے اس عہد کا کہ باہمی بے بنیاد اختلافات کو پاٹ کر محبت و امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ ہر طبقہ فکر کی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کی اندرونی و بیرونی حفاظت اور عالمگیر ترقی کے لئے انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرے۔