ملتان:  انجمن تاجران سرکلر روڈ خونی برج کے زیراہتمام چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف خونی برج چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، جس کی قیادت انجمن تاجران ملتان و جنوبی پنجاب کے صدرحاجی عارف فصیح اللہ اورانجمن تاجران سرکلرروڈ خونی برج کے صدر ظفر حسین نے کی ،مظاہرہ میں دیگر تاجررہنماؤں شوکت بلوچ ، احمد علی ، منیر حسین ،منظر عباس ،کامران حسن ، مزمل ،علی حسن ،خواجہ سبحانی جہانگیر ، آصف اور چوریوں اور ڈکیتوں سے تنگ آئےتاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، مظاہرین نے روڈ بلاک کرکے ٹریفک معطل کردی ، پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقہ میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، چور اور ڈکیت بغیر کسی ڈر خوف کے وارداتیں کررہے ہیں ، مگران کو روکنے والا کوئی نہیں ، اطلاع کے باوجود پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے،انہوں نے کہا کہ آئے روز تاجر و شہری لٹ رہے ہیں،مختلف وارداتوں میں اشفاق احمد کی سی ڈی 125، حسین کی موٹرسائیکل چرا لی گئی ، اسی طرح مسلح ڈکیتی کی واداتوں کے دوران عرفان یونس سے ایک لاکھ 12ہزار روپے ، ظفرحسین سے 45ہزار ، حمزہ سے 21 لاکھ روپے لوٹ لئے گئے،آصف پوما سے ڈکیتی ہوئی اور ملک واجد موٹر سائیکل سے موٹرسائیکل چھین لیا گیا ، ان تمام وارداتوں بارے پولیس کو رپورٹ کیا گیا ، مگر نہ تو ملزمان گرفتار ہوسکے اور نہ ہی لٹنے والے تاجروں کو ان کا مال واپس دلایا جاسکا،آئے روز وارداتوں کی وجہ سے تاجروں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے اور عدم تحفظ اور بے چینی کی وجہ سے ان کا کاروبار کرنا دوبھر ہوچکا ہے ، انہوں نےپولیس و ضلعی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کا نوٹس لیا جائے اورملزمان کو گرفتار کرکے تاجروں کی ریکوریاں کرائی جائیں ،بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ پورے شہر میں پھیلا دیا جائے گا اور اس کی ذمہ داری پولیس اور انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔