ملتان: جامعہ اسلامیہ منہاج الزہراء ملتان کے زیراہتمام ملتان آرٹس کونسل میں منعقدہ سالانہ عظیم الشان،میلادالنبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ہما اسماعیل نے کہا کہ ہر مسلمان کی خواہش ہے کہ وہ غلامی رسول کا قلادہ اپنی گردن میں ڈال کر اتباع رسول کے سانچے میں ڈھل کر اپنی زندگی کے ماہ و سال بسر کرے۔مگر یا درکھیئے کہ ذات مصطفےٰ پر ہر شئے کو فنا کردینے کا نام ہی غلامی رسول ہے۔اس دعویٰ غلامی کو ثابت کرنے کیلئے ہر اپنا ہر عمل سنت رسول کے تابع لانے کی ضرورت ہے۔معاشرے کو مصطفوی معاشرہ بنانے کیلئے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا ناگزیر ہے۔معروف خاتون سکالر پروفیسر یاسمین چاندنی نے کہا کہ اسوہ رسول ہر دور میں روشنی کا مینار بھی ہے اورمعیار بھی،اسی روشنی کے زریعے فلاح کا راستہ نظر آتا ہے۔اسوہ رسول پر عمل پیرا ہوئے بغیر گمراہی اورجہالت ہی مقدر ٹھہرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجدار کائنات سے عشق و محبت میں صحابیات کی زندگیاں بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،صحابیات نے اپنے عمل سے پوری امت کی خواتین کیلئے اتباع رسول کی روشن مثالیں قائم کیں۔ڈائریکٹر جامعہ اسلامیہ منہا ج الزہراء ڈاکٹر سمیرابرار ملک نے کہا کہ آج معاشرہ بدامنی اوربدسکونی کا شکار ہے،ہر طرف اضطرابی کیفیت ہے،بدسکونی کا خاتمہ فقط عشق رسول سے ہی ممکن ہے۔آج کے دور میں منہاج القرآن تعلیمی اداروں کے زریعے فروغ عشق رسول کا پیغام گھر گھر پہنچا رہی ہے۔کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین مسز کوثر شیرازی،شاہدہ عطاء،صدف نقوی،ڈاکٹر طاہرہ شہزادی،مسزمبشرہ احمد قریشی،مسز شبانہ،ڈاکٹر مہرین اسماعیل،سیدہ اسماء بخاری،مسز شبیر نوازکھیڑا،مسز ثمینہ شفقت،مسز ثمینہ صفدر،مسز رابعہ اسحاق،صوفیہ نور،فوزیہ آصف،غزالہ عظمت اورماریہ فاطمہ سمیت سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔اس موقع پر جامعہ اسلامیہ منہاج الزہراء سے حفظ القرآن مکمل کرنے والی طالبات کی چادر پوشی بھی کی گئی۔#