ملتان : چاروں صوبوں میں صوبائی وزارت محنت محکمہ لیبر اور لیبر عدالتوں کے باوجود مزدوروں کے لئے انصاف و تحفظ ملازمت ناپید ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ٹریڈ یونینز زوال پذیری کا شکار ہو چکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق رجسٹرار آف ٹریڈ یونینز و ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد صابر شیخ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے لیبر کورٹ ملتان میں معروف مزدور رہنما غازی احمد حسن کھوکھر کی بحالی ملازمت کی پٹیشن کی پیروی کے بعد احاطہ لیبر کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے عدالت میں ترمیمی درخواست پیش کی جسے بحث کے لئے پریذائیڈنگ آفیسر نے منظور کرتے ہوئے 08 جنوری 2024ء کی تاریخ مقرر کی ۔ محمد صابر شیخ نے عدالت کو بتایا کہ مزدور رہنما غازی احمد حسن کھوکھر کو ٹریڈ یونینز سرگرمیوں اور مختلف مسائل پر قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھنے کی پاداش میں برطرف کیا گیا ہے جو ” ان فیئر لیبر پریکٹس ” ہے . میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد صابر شیخ نے کہا کہ وکلاء اور صحافی برادری ملکر مظلوم ، محنت کش طبقہ کے لئے بہتر انداز میں مدد کر سکتے ہیں جو وقت کا تقاضہ ہے ۔