ملتان کی پوش اور گنجان آباد رہائشی آبادیوں کی گلی محلوں کو حفاظتی تدبیر کے نام پر ممنوعہ علاقے بنا دیئے گئے ہیں: تاجروں اور مکینوں کا احتجاج
ملتان: ملتان کی پوش اور گنجان آباد رہائشی آبادیوں میں حفاظتی تدبیر کے نام پر گلیوں میں آہنی گیٹ نصب کرکے عام لوگوں کے لئے ان گلی محلوں کو ممنوعہ علاقہ بنا دیا گیا ہے ،شالیمار کالونی خیرالمعارف روڈ ، ماڈل ٹاؤن ٹی چوک کے قریب گلستان کالونی کی گلی نمبر 1 ، 2، جتوئی سٹریٹ ، علامہ اقبال سٹریٹ و دیگر ملحقہ علاقوں کی گلیوں میںبااثر افرادکی جانب سے غیر قانونی گیٹ لگوا کراور تھڑے بنا کر شارع عام کو راہگیروں اور مکینوں کی آمدورفت کے لئے مشکل بنادیا گیا ہے ، جس پر تاجروں اور مکینوں نے احتجاج کیا ہے اور کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ملتان ، سی او میونسپل کارپوریشن ملتان سے مطالبہ کیا کہ ان غیر قانونی گیٹس کو فوری طور پر گرا کرگلیوں ،شارع عام اور راستوں کو واگزار کرایا جائے ، اس سلسلہ میں گزشتہ روز انجمن تاجران اور علاقہ مکینوں کا مشترکہ اجلاس ہوا ، جس میں آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب وملتان شہر کے صدر عارف فصیح اللہ ،نمبردار ملک قیصر ہانس ، منیر ہانس ، ذیشان ، طیب ، شعیب ، رضا نقوی ، ملک طارق ہانس ودیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں شاہراہوں ا ور گلیوں کو گیٹس لگا کر بند کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر تاسف کا اظہار کیا گیا کہ ذمہ دار اداروں کی نا اہلی اور چشم پوشی کے باعث رہائشی علاقوں، گلیوں میں خود رو پودوںکی طرح ایسے آہنی دروازوں کا اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ان گلی محلوں میں آنے والے شہریوں،علاقہ مکینوں ، تاجروں کو دشواریوں سے دوچار کر دیا ہے اور انہیں آہنی گیٹوں کی وجہ سے چند قدموں کے فاصلے کئی سو میٹروں میں محیط ہو گئے ہیں، میونسپل لاز کے مطابق کسی گلی یا راستے کو گیٹ نصب کرکے اور کسی اور طریقے سے بند نہیں کیا جا سکتا، لیکن ان علاقوں میںبااثرافراد نے دھڑلے سے گیٹس لگانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ، انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا فوری نوٹس لیا جائے اور گیٹس ہٹوا کر راستوں کو کھولاجائے۔








































Visit Today : 404
Visit Yesterday : 440
This Month : 13561
This Year : 61397
Total Visit : 166385
Hits Today : 3205
Total Hits : 846714
Who's Online : 5




















