ملتان : جمہوری وطن پارٹی کے سابق مرکزی سیکریٹری جنرل سینئر بلوچ رہنما رؤف خان ساسولی نے کہا ہے کہ انتشار و ہلہ گلہ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے اسی لیے صاحب اقتدار اور حزب اختلاف مل بیٹھ کر گفت و شنید اور پارلیمنٹ میں مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کوشش کریں اور حزب اختلاف کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنیں جو حل طلب مسئلے ہیں ان کو ائین اور قانون کی روشنی میں حل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا رؤف ساسولی نے مزید کہا کہ وکھری ٹائپ کے حکمران اور اتھری ٹائپ کی حزب اختلاف ہے تو ایسی صورتحال میں صاحب اقتدار اور حزب اختلاف سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تاکہ لولی لنگڑی اور کمزور جمہوریت صحت مند جمہوریت میں تبدیل ہو لیکن افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ گالم گلوچ کردار کشی میں کوئی لحاظ نہیں رکھا جا رہا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علمائے کرام حضرات فرقہ وارانہ تقسیم کی مخالفت کریں اور مسلم امہ کو مزید تقسیم اور خون خرابے سے بچائیں کیونکہ وہ بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف اور اقتداری لیڈران اپنے جذباتی کارکنوں کو اخلاقیاتی روایات کا پابند کریں تاکہ سیاست میں صحت مند جمہوریت پنپ سکے ۔