ملتان(صفدربخاری سے)  سوئی نادرن گیس کمپنی نے صارفین کو کھانے کے اوقات میں بلاتعطل اور معیاری گیس فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔جناب وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عمل  کرتے ہوئے جنرل منیجر احمد جواد خان کی خصوصی ہدایات پر ملتان ریجن میں گیس کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے گیس کے اوقات میں بلا تعطل فراہمی کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ صارفین خاص طور پر کھانے کے اوقات میں کسی مشکل کا سامنا نہ کریں۔ اب رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی، جو گیس پریشر میں بہتری کے باعث ممکن ہوا ہے۔ گیس فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے پچھلے تین سالوں کے دوران تقریباً 550 کلومیٹر بوسیدہ پائپ لائنیں تبدیل کی گئی ہیں۔ ان علاقوں میں شاداب کالونی، حسن پروانہ، عباس پورہ، اورنگزیب روڈ، پرانا شجاع آباد روڈ، محمود آباد کالونی، خوشحال کالونی، نیو ملتان کے بلاکس، اندرون شہر، پیر کالونی، بستی دائرہ، مخدوم رشید، گلگشت کالونی، بستی ناؤ، قاسم پور کالونی، غازی آباد، قدیر آباد، جلیل آباد، شاہ رکن عالم کے مختلف بلاکس اور دیگر سب ایریاز شامل ہیں۔ گیس کے پریشر میں کمی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بڑے قطر کی پائپ لائنوں کی تنصیب کی گئی ہے۔ ساتھ ہی آپریشنل فیزز کے ذریعے ان مسائل کو ختم کرنے کے لئے جدید تکنیک اپنائی گئی ہیں۔ گیس کے کم پریشر، پانی کی موجودگی، خراب میٹر ، کمپریسر استعمال اور ریگولیٹر جیسے مسائل کو مؤثر طور پر حل کیا گیا ہے۔ پچھلے چار سالوں کے دوران صارفین کی شکایات کے اندراج میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس ضمن میں سوئی گیس کا عملہ کم پریشر و دیگر شکایات کے ازالہ کے لئے ہمہ وقت موجود ہے۔ صارفین کسی بھی شکایت کی صورت میں اپنی درخواست 1199 پر کال کرکے لکھوا سکتے ہیں۔ صارفین سے التماس ہے کہ کمپریسر استعمال نہ کریں جس سے صارفین کی جان و مال دونوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کمپریسر استعمال پر کمپنی کی پالیسی بہت سخت اور واضح ہے۔ کمپریسر استعمال کرتے ہوئے اگر کوئی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو اس کو نہ صرف ایک ماہ تک گیس کی فراہمی بند کردی جائیگی بلکہ اسکا میٹر بھی منقطع کردیا جائیگا۔