ملتان :  اساتذہ تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، حکومت شعبہ تعلیم کو درپیش مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافہ کررہی ہے جو کہ آنے والے دنوں میں شرح خواندگی میں مزید کمی کا باعث بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان جمہوری پارٹی کے چیئرمین سید مہدی الحسن شاہ نے مرکزی صدر سید مطلوب حسین بخاری کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید مہدی الحسن کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی ترقی اور شرح خواندگی میں اضافے کے دعوے اور وعدے تو ہر دور اقتدار سے ہوتے آرہے ہیں مگر انہیں پورا کرنے پر وہ توجہ نہیں دی جارہی جو دینے کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے چیلنجز مزید بڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس موقع پر سرائیکستان جمہوری پارٹی کے مرکزی صدر سید مطلوب حسین بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے ، ہم اساتذہ کے جائز مطالبات اور حقوق کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ آئے روز کی بدلتی پالیسیوں اور حکومت کی طرف سے لگائی جانے والی اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیوں نے تعلیم کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کی بجائے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ضرورت مند بچوں کے لیے خصوصی وظائف کا اعلان کیا جائے۔