ملتان :  سوئی نادرن گیس ٹاسک فورس کے سابق انچارج، محمد جمیل شاہین کے خاندان میں خوشیوں کی بہار آگئی ہے، جب ان کی بیٹی طیبہ جمیل راجپوت نے انجینئرنگ کی ڈگری شاندار نمبروں کے ساتھ مکمل کر کے اپنے مرحوم بھائی کا خواب پورا کیا۔ طیبہ نے اپنی تعلیم میں محنت اور عزم کی ایک نئی مثال قائم کی، اور فائنل سمسٹر میں 3.97 جی پی اے جبکہ مجموعی طور پر 3.75 سی جی پی اے حاصل کرکے اپنے والد اور خاندان کا سر فخر سے بلند کردیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد جمیل شاہین سوئی نادرن گیس کے ٹاسک فورس ڈیپارٹمنٹ میں انچارج کے عہدے پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کا ایک بیٹا، جو چند سال قبل وفات پا گیا، اپنے والدین اور بہن کے لیے بڑے خواب دیکھتا تھا۔ اس نے اپنی بہن طیبہ سے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ اسے انجینئر کے روپ میں دیکھنا چاہتا ہے۔ بھائی کی وفات کے بعد طیبہ نے اس خواب کو پورا کرنے کی ٹھان لی اور تعلیمی میدان میں ہر سمسٹر میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ہر امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے طیبہ نے اپنی انجینئرنگ کی ڈگری بہترین نمبروں سے مکمل کی اور اپنے مرحوم بھائی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔ طیبہ نے تعلیم کے ہر قدم پر ثابت قدمی، عزم اور محنت کا مظاہرہ کیا اور اپنے والد کے لیے فخر کا باعث بنی۔ محمد جمیل شاہین، جو اپنی بیٹی کو محبت سے ’طیب‘ کہہ کر بلاتے ہیں، نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “بے شک، میرا ایک بیٹا اللہ نے واپس لے لیا، لیکن میری بیٹی طیبہ نے مجھے ایسا فخر دیا ہے جس کی کوئی قیمت نہیں۔ اللہ ایسی صالح اولاد سب کو عطا کرے۔